نواز منموہن ملاقات کی تاریخ

نواز شریف بار ہا بھارت سے تعلقات بہتر کرنے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں
،تصویر کا کیپشننواز شریف بار ہا بھارت سے تعلقات بہتر کرنے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف اور بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ کے درمیان ملاقات کی تاریخ طے کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان لائن آف کنٹرول کے آر پار فائرنگ کے حالیہ واقعات کے بعد دونوں ملکوں کے وزراء اعظم میں اقوام محتدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران ملاقات کے امکانات معدوم ہو گئے تھے۔

اس سال مئی میں انتخابات میں کامیابی کے بعد سے نواز شریف اور ان کی جماعت نے بھارت سے تعلقات بہتر بنانے کی خواہش کا کئی مرتبہ اظہار کیا ہے۔

پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ترجمان عزیز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے رہنماؤں کے لیے مثبت مذاکرات کو شروع کرنے کا یہ ایک اچھا موقع ہو گا اور اس سے ملاقات کے نتیجے میں معطل مذاکرات بحال ہو سکتے ہیں۔

انھوں نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اس مجوزہ ملاقات کی تاریخیں طے کی جانے کی کوششیں جاری ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے کے عوام کے مفاد میں ہمیشہ احتیاط، ذمہ داری اور مذاکرات کی راہ اپنائی ہے۔

گزشتہ ماہ کی پانچ تاریخ کے بعد سے اب تک لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے تبادلے میں چھ پاکستانی اور پانچ بھارتی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں.

پاکستان اور بھارت کے درمیان امن مذاکرات کا سلسلہ سنہ 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد معطل ہو گیا تھا۔ممبئی حملوں میں166 افراد ہلاک ہوئے تھے۔