’کراچی میں اسلحے سے بھرے 19 ہزار کنٹینرز کی آمد‘

پاکستان رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل نے سپریم کورٹ میں ایک بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابقہ دورِ حکومت میں اسلحے سے بھرے 19 ہزار کنٹینرز کراچی آئے جس کے استعمال سے کراچی جل رہا ہے۔
سپریم کورٹ میں جمعے کو کراچی بدامنی کیس کی سماعت کے دوران ڈائریکٹر جنرل رینجرز میجر جنرل رضوان اختر نے کہا کہ اسلحے سے بھرے یہ کنٹینرز سابقہ دورِ حکومت میں وفاقی وزیرِ برائے پورٹس اینڈ شیپنگ کی زیرِ نگرانی کراچی آئے۔
انھوں نے بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ یہ اسلحہ استعمال ہو رہا ہے اور کراچی جل رہا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ انٹیلی جنس ادارے اس کی تحقیقات بھی کر رہے ہیں۔
<link type="page"><caption> ’مہاجر رپبلکن آرمی کی موجودگی کا دعویٰ‘</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2013/08/130829_sc_karachi_situation_rwa.shtml" platform="highweb"/></link>
ڈی جی رینجرز نے کہا کہ کراچی میں پرتشدد واقعات میں کلاشنکوف اور اکثر واقعات میں نو ایم ایم پستول کا استعمال ہوتا ہے جو امریکہ ، جرمنی اور درہ آدم خیل کے بنے ہوئے ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں اسلحہ لائسنسوں کی تصدیق کی ضرورت ہے، یہ پیچیدہ کام ہے، لائسنسوں کو کمپیوٹرائزڈ کیا جائے اور اس بارے میں اسلحہ ڈیلروں کو اعتماد میں لیا جائے۔
ڈی جی رینجرز نے مزید کہا کہ ان کی وزیر ستان میں سروس کے دوران انھیں معلوم ہوا کہ امریکی فورسز کے زیرِاستعمال اسلحہ درہ آدم خیل میں فروخت ہوتا ہے۔
سپریم کورٹ نے اسلحے سے بھرے 19 ہزار کنٹینرز کی کراچی آمد کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی بنانے کا حکم دیا ہے جس کے سربراہ سابق کسٹم کلکٹر رمضان بھٹی ہوں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق یہ کمیٹی ایک ہفتے کے اندر کراچی میں اسلحے سے بھرے کنٹینرز کی آمد کے حوالے سے اپنی رپورٹ عدالت کو پیش کرے گی۔
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے سندھ کے چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کی طرف سے کراچی کی صورتِ حال کے بارے میں پیش کردہ رپورٹ پر بھی عدم اعتماد کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ اس رپورٹ سے کچھ سامنے نہیں آ رہا۔
انھوں نے سندھ حکومت کو کراچی میں امن وامان میں پیش رفت کے بارے میں دوبارہ رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
پاکستان کے اٹارنی جنرل منیر اے ملک نے مقدمے کے سماعت کے دوران وفاق کی طرف سے جواب دینے کے لیے وقت مانگتے ہوئے کہا کہ منگل کو وفاقی کابینہ کا اجلاس ہو رہا ہے جس کے بعد وہ عدالت میں حکومت کی طرف سے پالیسی بیان دے سکیں گے۔
عدالت نے مقدمے کی سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز وفاقی حکومت نے کراچی بدامنی کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ میں ایک خفیہ رپورٹ پیش کی تھی جس میں ایک غیر معروف عسکری گروہ مہاجر ریپبلکن آرمی کی موجودگی کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
لیکن مقامی ذرائعِ ابلاغ کے مطابق ملک کے وفاقی وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ یہ ایک ابتدائی رپورٹ جسے ان کی منظوری کے بغیر عدالت میں پیش کر دیا گیا۔
بی بی سی کے پاس موجود اس رپورٹ کی کاپی میں کہا گیا ہے کہ مہاجر رپبلکن آرمی کے ارکان کی نشاندہی اور ان کے خلاف کارروائی کی ضرورت ہے۔ رپورٹ میں اس گروہ کی سرگرمیاں اور مقاصد بیان نہیں کیے گئے۔







