’پیپلز پارٹی عالمی سازش کا شکار ہوئی‘

پاکستان کے صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی عالمی اور مقامی طاقتوں کی سازش کا شکار ہوئی۔
انہوں نے یہ بات لاہور میں پنجاب سے جماعت کے ٹکٹ ہولڈروں کے اجلاس سے خطاب کے دوران کہی جسے انتخابات میں جماعت کی ناکامی پر غور اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر بات چیت کے لیے طلب کیا گیا تھا۔
پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق صدر زرداری نے کہا کہ عالمی طاقتیں پیپلز پارٹی کی حکومت کے خطے کی طاقتوں سے بڑھتے تعلقات اور روابط سے خوش نہیں تھیں اور اسی وجہ سے ان کی جماعت کو ہرایا گیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی جماعت ہے اور اسے ایک علاقائی جماعت نہیں بننے دیا جائے گا۔ انہوں نے جماعت کی شکست کی وجوہات کے تجزیے اور مستقبل میں اس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے سینیٹر اعتزاز احسن کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی قائم کی۔
آصف زرداری نے کہا کہ صدارتی مجبوریوں اور سکیورٹی خدشات کی وجہ سے وہ ان انتخابات میں پارٹی کے لیے عملی کردار ادا نہیں کر سکے تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ عہدۂ صدارت کی مدت ختم ہونے کے بعد کھل کر سیاست کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ رواں سال کے آخر سے وہ ایک بار پھر میدان میں آئیں گے اور اس مرتبہ ان کے تینوں بچے بھی سیاست میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ وہ کارکنوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے اور ’میرے بچے پہلے باہر نکلیں گے اور کارکنوں کے بچے بعد میں باہر آئیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ماضی میں بھی اپوزیشن میں بیٹھی ہے اور اب بھی ڈٹ کر اپوزیشن میں بیٹھے گی اور ایوان میں مثبت کردار ادا کرے گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ 11 مئی کے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کو پنجاب میں بری طرح سے شکست ہوئی ہے اور وہ صوبے میں قومی اسمبلی کی صرف 2 جبکہ صوبائی اسمبلی کی 6 نشستیں ہی حاصل کر سکی ہے۔







