’امریکہ کسی پارٹی کی حمایت نہیں کرتا‘

امریکہ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں گیارہ مئی کو بر وقت، شفاف، آزادانہ اور منصفانہ عام انتخابات کی امید رکھتا ہے اور یہ کہ وہ کسی مخصوص سیاسی جماعت یا امیدوار کا حامی نہیں ہے۔
یہ بات امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہی ہے۔
ترجمان پیٹرک وینٹرل نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں میڈیا بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا:
’ہم کسی مخصوص سیاسی جماعت یا امیدوار کی حمایت نہیں کرتے اور ہم یہ بات پہلے بھی کہتے رہے ہیں، اور یہ کہ ہم آنے والی جمہوری طور پر منتخب حکومت کے ساتھ بات چیت کا ارادہ رکھتے ہیں۔‘
امریکی ترجمان نے کہا کہ یہ انتخابات اقتدار کی جمہوری طور پر منتقلی کی اہم علامت اور ایک تاریخی پیش رفت ہے جس پر پاکستان کے عوام بجاطور پر فخر کرسکتے ہیں۔
امریکی دفترِ خارجہ کے ترجمان نے پاکستان میں انتخابات سے قبل ہونے والے پرتشدد واقعات کی بھی مذمت کی۔
انھوں نے کہا، ’ امریکہ پاکستان میں حالیہ تشدد کی مذمت کرتا ہے جس میں سیاست دانوں اور ان کے حامیوں کو انتخابی مہم کے دوران نشانہ بنایا گیا ہے۔ اسی طرح ہم شدت پسند تنظیموں کے حالیہ بیانات کی بھی مذمت کرتے ہیں جن میں انھوں نے پاکستان میں جمہوری سیاسی عمل میں خلل ڈالنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔‘
ترجمان نے کہا کہ ہم پاکستانی عوام کے اپنے نمائندوں کے انتخاب میں بھرپور طور پر حصہ لینے کے حق کی حمایت کرتے ہیں اور ایک پرامن، خوشحال اور جمہوری قوم کی خواہش کی تکمیل کی صلاحیت کے بھی حامی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایک اور سوال کے جواب میں امریکی ترجمان نے کہا کہ امریکہ اپنے یورپی اتحادیوں کے ساتھ مل کر پاکستان میں عام انتخابات کی نگرانی کے عمل میں شامل ہونے کا ارادہ رکھتا ہے اور یہ کہ وہ منصفانہ اور شفاف انتخابی عمل میں مدد کے لیے پاکستان کی وزارت خارجہ کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے۔







