کاغذات نامزدگی جمع کرانے میں دو دن کی توسیع

الیکشن کمیشن پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی مدت میں دو دن کی توسیع کردی گئی ہے۔
یہ اعلان ڈائریکٹر جنرل الیکشن کمیشن شیر افگن نے جمعرات کو کیا۔
شیر افگن کے مطابق ملک بھر میں کاغذات نامزدگی اکتیس مارچ تک جمع کرائے جا سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کے باعث کاغذات کی جانچ پڑتال اب یکم اپریل سے سات اپریل تک ہو گی۔
اس سے قبل ریڈیو پاکستان کے مطابق چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم نے کوئٹہ میں اعلان کیا تھا کہ صوبے میں سکیورٹی صورتحال کے مدِ نظر بلوچستان میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں دو دن کی توسیع کی گئی ہے۔
آٹھ سے دس اپریل تک کاغذات نامزدگی منظور اور مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں دائر کی جاسکیں گی جن پر سولہ اپریل تک فیصلے کردئے جائیں گے۔
اٹھارہ اپریل تک کاغذات نامزدگی واپس لئے جاسکیں گے جب کہ انیس اپریل کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی۔ پولنگ سابقہ شیڈول کے مطابق گیارہ مئی کو ہی ہوگی۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ملک بھر کے سرکاری محکموں میں بھرتیوں اور تبادلوں پر سے پابندی اُٹھا لی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل سیکرٹری افضل خان نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی بھرتیوں اور تبادلوں پر اس سال جنوری میں پابندی اس خدشے کے پیش نظر لگائی گئی تھی کہ سبکدوش ہونے والی حکومت سیاسی بنیادوں پر بھرتیاں اور تبادلے کرسکتی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اب غیر جانبدار نگران حکومت کے قیام کے بعد پابندی جاری کھنے کی کوئی ضرورت نہیں۔







