’سفارت کار کواسلحہ کی اجازت نہیں‘

فائل فوٹو، اسلام آباد پولیس
،تصویر کا کیپشنسات اکتوبر کو اسلحہ سفارت کاروں کی گاڑی سے معمول کی تلاشی کے دوران برآمد ہوا تھا
    • مصنف, آصف فاروقی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

پاکستان کےدفتر خارجہ نے وضاحت کی ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کسی سفارتکار کو اپنی گاڑی میں اسلحہ لے کر چلنے کا خصوصی اجازت نامہ جاری نہیں کیاگیا ہے۔

سوموار کو ایک بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت سفارتکار کسی بھی ملک میں اسلحہ لے کرچلنے کے مجاز نہیں ہوتے اور یہی قانون پاکستان میں کام کرنے والے سفارت کاروں پر بھی لاگو ہوتا ہے۔

دفتر خارجہ کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسلام آباد میں حفاظتی نکتہ نظر سے سفارتکاروں میں اسلحہ رکھنے کا رواج زور پکڑ رہا ہے۔

اسی نوعیت کے ایک واقعے میں اسلام آباد کی پولیس نے ہالینڈ کے سفارتخانے کی گاڑی سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر کےاسے تھانے میں بند کردیا تھا لیکن بعد میں اعلٰی سطح پر ہونے والی مداخلت کے بعدگاڑی کو بغیر کسی قانونی کارروائی کے چھوڑ دیاگیا تھا۔

تاہم اگلے روز پاکستانی دفتر خارجہ نے ہالینڈ کے سفیر کو طلب کر کے اس واقعے پر تنبیہ کی تھی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکہ سمیت کسی بھی ملک کے کسی سفارتکار کو ایسا کوئی اجازت نامہ نہیں دیاگیا جو انہیں اسلحہ رکھ کر شہر میں گھومنے کی اجازت دیتا ہو۔

’اس بارے میں ملکی قانون کو فوقیت حاصل ہے اور اگر کوئی اس نوعیت کا اجازت نامہ رکھنے کا دعوٰی کرتا ہے تو وہ غلط بیانی کرتا ہے۔‘