کراچی: پولیس مقابلے میں دو اہلکار ہلاک

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنکراچی کا علاقہ لیاری گزشتہ کئی سالوں سے پولیس مقابلوں اور گینگ وار سے متاثر علاقہ رہا ہے
    • مصنف, نثار کھوکھر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں حکام کے مطابق لیاری میں جرائم پیشہ گروہ اور پولیس کے درمیان ہونے والے ایک مقابلے میں دو پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب لیاری میں فائرنگ کے واقعات میں ایک بچی سمیت چھ شہری زخمی ہسپتال پہنچے ہیں۔

کراچی پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل غلام نبی میمن نے بی بی سی کوبتایا ہے کہ لیاری کے تھانہ کلاکوٹ کی حدود میں پولیس مقابلے کے دوران ہیڈ کانسٹیبل آصف اور سپاہی رحمت ہلاک ہوگئے ہیں۔جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ میں چند جرائم پیشہ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔جن میں سے دو نامعلوم کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

دوسری جانب سول ہسپتال کراچی کے مطابق لیاری کے علاقے سے ایک بچی سمیت چھ زخمی افراد پہنچے ہیں۔بچی کے ورثاء کا کہنا ہے کہ وہ رکشا میں وہاں سے گزر رہے تھے کہ اچانک ایک نامعلوم سمت سے آنے والی گولی نے بچی کو زخمی کردیا ۔لیاری میں پولیس اور جرائم پشیہ افراد کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے۔

ڈی آئی جی غلام نبی میمن کے مطابق بعض جرائم پیشہ افراد نے صبح کے وقت پولیس اہلکاروں پرفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل ہلاک ہوگیا ہے۔جبکہ علاقے کے مکینوں کا کہنا ہے کہ ایک مسلح گروہ نے کلاکوٹ تھانہ پر دستی بموں سے حملہ کیا اور ہیڈکانسٹیبل کو پکڑ کر گولی مار دی۔جبکہ مقتول پولیس اہلکار کی میت پوسٹ مارٹم کے بعد جب کلاکوٹ پولیس لائن پہنچائی گئی تو واپس جانے والی پولیس پارٹی پر مسلح گروہ نے حملہ کر دیا اور ایک سپاہی رحمت کو ہلاک کیا گیا ہے۔

پولیس افسر کا کہنا ہے کہ لیاری میں بھتہ مافیا سرگرم ہے اور جرائم پیشہ افراد کے چار گروہ پولیس پر حملوں میں ملوث ہیں۔ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ بابا لاڈلا، جاوید لنگڑا، راشد ریکھا وار عضیر کے جرائم پیشہ گروہ بھتے کی رقم وصول کرنے اور پولیس پر حملوں میں ملوث ہیں۔

کراچی کا علاقہ لیاری گزشتہ کئی برسوں سے پولیس مقابلوں اور گینگ وار سے متاثر علاقہ رہا ہے۔پولیس کا دعوٰی ہے کہ بہتر پولیسنگ کے ذریعے حالات پر قابو پا لیا جائے گا۔