کراچی ایئرپورٹ پر پان، نسوار اور گٹکے کے استعمال پر پابندی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے جناح بین الاقوامی ایئرپورٹ پر اب سگریٹ کے علاوہ پان، نسوار اور گٹکے کے استعمال پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
سول ایوی ایشن نے متنبہ کیا ہے کہ پابندی کے فیصلے کا اطلاق ایئرپورٹ کے تمام عملے پر بھی ہوگا اور اگر کوئی پان، نسوار اور گٹکا استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق ایئرپورٹ پر صفائی کے اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ پابندی عائد کی گئی ہے۔
کراچی ایئرپورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق یہاں پر سالانہ 12 ملین مسافروں کی آمدرفت کی سہولت موجود ہے۔ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پاکستان کی قومی ایئر لائن سمیت نجی فضائی کمپنیوں کا بھی مرکز ہے، جہاں انجنیئرنگ کے شعبوں سمیت دیگر کئی اور شعبے بھی موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

اس سے قبل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک بھر میں حج پروازوں سے قبل نسوار لے کر جانے پر بھی پابندی عائد کر دی تھی، نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا تھا کہ عرب ممالک نے نسوار کو بھی منشیات کی فہرست میں شامل کر دیا ہے، لہذا جس مسافر سے بھی نسوار برآمد ہوئی اس کے خلاف سخت قدم اٹھایا جائے گا۔
کراچی سمیت پاکستان کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر پوسٹر اور بینر بھی آویزاں کیے گئے ہیں جن میں مسافروں کو نسوار لے جانے کے سنگین نتائج سے متنبہ کیا گیا تھا۔ پاکستان میں اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں سمیت 27 کے قریب فعال ایئرپورٹس ہیں جن میں سے نو ہوائی اڈوں کو بین الاقوامی حیثیت دی گئی ہے جبکہ باقی اندرون ملک پروازوں کے لیے مختص ہیں۔
فضائی سفر میں کیا ساتھ لے جاسکتے ہیں؟
اگر کوئی مسافر دو سال سے کم عمر بچے کے ساتھ سفر کر رہا تو اس کو بے بی فوڈ، دودھ، پانی اور جوس ہمراہ لے جانے کی اجازت ہے۔ بچوں کو کیرئیر سے باہر نکال کر میٹل ڈکٹیٹر سے ان کی تلاش لی جائے گی۔
ادویات
ڈاکٹر کے نسخے کے ساتھ ادویات، کے علاوہ ضروری ادویات کھانسی کا شربت، زخم کی مرہم پٹی اور انسولین اور سرنج لے جانے کی اجازت ہے۔ جبکہ استرا، بلیڈ اور قینچی ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں۔
کھانے پینے کی اشیا
غیر ٹھوس غذائیں مثلا دودھ، پڈنگ اور جام وغیرہ دستی سامان میں اٹھانے کی اجازت ہے اگر اس کا کنٹینر میں وزن سو ملی لیٹر یا اس سے کم ہو۔ غیر ٹھوس یا ٹھوس غذا جو کین یا مرتبان میں ہے اور اس کا وزن سو گرام یا سو ملی لیٹر سے زیادہ ہے تو وہ دیگر سامان میں لے جانے کی اجازت ہے۔
مسافر اگر پاکستان کے اندر سفر کر رہے ہیں تو سینڈوچ، سیب، ناشتے میں استعمال ہونے والا حلوہ دستی سامان اور بیگیج میں لے جاسکتے ہیں تاہم اگر مسافر بیرون ملک سفر کر رہے ہیں تو ان پر اس ملک کا قانون نافذ ہو گا۔
خنجر، تلوار
مذہبی خنجر، تلوار یا کوئی دیگر اشیا کو دستی سامان کے طور پر لے جانے کی اجازت نہیں مسافر انھیں سفری سامان میں جمع کروا سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ سکھ مذہب کے لوگ اپنے ساتھ کرپان اور تلوار ہمراہ رکھتے ہیں۔
پالتو جانور
پالتو جانور ساتھ لے جانے کی اجازت ہے مگر ان کے پنجرے کی ایکسرے مشین سے اسکریننگ کی جائے گی جبکہ جانور کو گود میں اٹھائے رکھیں تاکہ میٹل ڈکٹیٹر سے اس کی اسکرینگ کی جائے۔








