پاکستان، انڈیا اور افغانستان میں زلزلے کے شدید جھٹکے

امریکی ارضیاتی سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق پاکستان، انڈیا اور افغانستان میں بدھ کو 6.1 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جبکہ اس سے قبل بلوچستان میں بھی زلزلے سے ایک بچی ہلاک اور نو افراد زخمی ہوئے ہیں۔
یو ایس جی ایس کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان میں جرم کے مقام کے قریب 191 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔
پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق زلزلے کے جھٹکے 12 بج کر سات منٹ (سات بج کر سات منٹ جی ایم ٹی) پر محسوس کیے گئے۔
قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے (این ڈی ایم اے) کے مطابق اس زلزلے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم خیبرپختونخوا کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے زلزلے کے بعد چترال میں تودے گرنے کا خطرہ ہے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق زلزلے کے جھٹکے افغان دارالحکومت کابل، پاکستان اور انڈیا کے زیرانتظام کشمیر اور انڈیا میں بھی محسوس کیے گئے۔

ایک اور زلزلہ
اس سے قبل بدھ ہی کی صبح بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں زلزلے کے باعث ایک کمسن بچی ہلاک اور نو افراد زخمی ہو گئے۔
لسبیلہ ٹاؤن اور اس کے نواحی علاقوں میں مقامی وقت کے مطابق نو بج کر 59 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
پاکستان کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اس زلزلے کی شدت 4.9 تھی جبکہ زیر زمین اس کی گہرائی 23 کلومیٹر تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
زلزلے کا مرکز بیلہ سے 20 کلومیٹر دور مشرق میں بلوچستان میں تھا۔
یہ بھی پڑھیں!
ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر مینگل نے بتایا کہ زلزلے سے لسبیلہ شہر کے گردونواح میں درجنوں کچے مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ایک گھر کی چھت گرنے سے ایک چھ ماہ کی بچی ہلاک اور مجموعی طور پر زلزلے کے باعث نو افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقے میں ریسکیو کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
لسبیلہ کے ایس ایچ او امین لاسی نے بتایا کہ اب تک لسبیلہ شہر اور اس کو نواحی علاقوں میں زلزلے کے تین بڑے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

لسبیلہ کوئٹہ شہر سے جنوب میں بلوچستان کا کراچی سے متصل ضلع ہے۔
سنہ 2013 میں لسبیلہ سے متصل بلوچستان کے ضلع آواران میں ایک تباہ کن زلزلہ آیا تھا جس سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد ہلاک اور سینکڑوں مکانات متاثر ہوئے تھے۔











