یورپ میں سیلاب سے تباہی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
وسطی اور مشرقی یورپ میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب میں کم سے کم تیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ سیلاب سے سب سے زیادہ ہلاکتیں رومانیہ میں ہوئی ہیں جہاں اطلاعات کے مطابق پچیس لوگ سیلاب اور بارش کا نشانہ بن چکے ہیں۔ سوٹزرلینڈ، جرمنی اور آسٹریا میں گیارہ افراد لاپتہ ہیں اور امدادی ادارے بنیادی سہولیات بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حالیہ چند روز میں ہزاروں لوگ گھر چھوڑنے پر مجبور ہوئے جن کی ایک بڑی تعداد ابھی تک واپس نہیں جا سکی۔ بلغاریہ میں گزشتہ تین ماہ میں سیلاب سے کم سے کم بیس افراد ہلاک اور چودہ ہزار بے گھر ہو چکے ہیں۔ سلووینیا میں بارشوں سے کئی شہروں میں سڑکیں بہہ گئی ہیں۔ کرو ایشیا میں ہنگامی حالت کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ سوٹزرلینڈ اور آسٹریا میں کئی وادیاں پانی میں ڈوبی رہیں۔ سوٹزرلینڈ کے تاریخی شہر برن کے پاس سے گزرنے والے دریا میں سیلاب سے شہر کے بعض حصے زیر آب آ گئے۔ حکام ہیلی کاپٹر کے ذریعے لوگوں کو ان کے گھروں کی چھتوں اور بالکونیوں سے اٹھا رہے ہیں۔ آسٹریا میں سترہ ہزار فائر فائٹر اور فوجی امدادی اور تعمیر نو کے کاموں میں مصروف ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||