’ کشمیر، دہشت گردی کا جواز‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
برطانوی وزیر خارجہ جیک سٹرا نے کہا ہے کہ کشمیر کے تنازعہ کوبنیادبنا کر دہشت گردی کاجواز پیدا نہیں کیا جا سکتا لیکن ساتھ ہی ساتھ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک پرامن اور مستحکم کشمیر اور کشمیریوں کے جائز حق کے لیے ہونے والی کوششوں سے خطے میں سلامتی کا ماحول پیدا ہو سکتا ہے۔ یہ بات انہوں نے آج لاہور میں برٹش کونسل اور برطانوی ہائی کمشن کے زیر اہمتام ہونے والی ایک تقریب سے خطاب اور اس کے بعد شرکاء کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ برطانیہ اس سمت ہونے والے اقدامات کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے بھارت اور پاکستان پر زور دیا کہ وہ مل کام کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے۔ پاکستان کے جوہری پروگرام کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دنیا نے اس بارے میں جس تشویش کا اظہار کیا ہے اس کے اسباب بڑی حد تک واضح ہیں لیکن اگر کشمیر کا مسئلہ حل ہوجائے تو پاکستان اور بھارت کو ایٹمی اسلحہ کی نئی کھیپ کی کوئی ضرورت نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب سے تین سال پہلے دونوں ممالک کے درمیان تنازعہ کی شدت اس قدر بڑھ گئی تھی کہ بھارت اور پاکستان کی فوجیں آمنے سامنے آگئی تھیں اور یہ خطرہ پیدا ہو چکا تھا کہ لاکھوں کشمیری اس لڑائی میں ہلاک ہوجائیں گے لیکن شکر ہے کہ یہ معاملہ ٹل گیا اور اب پاکستان اور بھارت کے درمیان مربوط مذاکرات ہو رہے ہیں اور کشمیر کا مسئلہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ انہوں نے عراق اور مشرق وسطی کے بارے میں برطانوی موقف پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ دنیا چاہتی ہے مشرق وسطی بھی ایٹمی ہتھیاروں سے پاک علاقہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ذرائع ابلاغ میں اسلام کے بارے میں یہ غلط تصور پایا جاتا ہے کہ یہ جارحیت کا مذہب ہے حالانکہ یہ بات غلط ہے اور حقیقیت یہ ہے کہ یہ اسلام امن اور سلامتی کا مذہب ہے اور دہشت گردی کو اس سے جوڑنا بالکل غلط ہوگا۔ برطانوی وزیرخارجہ ان دونوں پاکستان کے تین روزہ دورے پر ہیں۔ پاکستان کا یہ ان کا پانچواں دورہ ہے لیکن لاہور وہ پہلی مرتبہ آئے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||