معافی سے تلافی نہیں ہوئی: یشونت | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی وزیر خارجہ یشونت سنہا نے کہا ہے کہ ڈاکٹر قدیر کو معاف کر دینے سے بات ختم نہیں ہوئی ہے کیونکہ ان کے خیال میں یہ محض داخلی معاملہ نہیں ہے بلکہ اس پر عالمی برادری کو تشویش ہے۔ وہ برطانوی وزیرخارجہ جیک سٹرا سے، جو تین روزہ بھارتی دورے پر ہیں، ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جوہری صلاحیت کے حامل ملکوں کو زیادہ ذمہ داری کا ثبوت دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ پر اقوامی متحدہ کے جوہری ادارے آئی اے ای اے اور دیگر فورمز میں بحث ہونی چاہئے اور زیادہ ذمہ دارانہ رویہ اپنانے کا عہد کرنا چاہئے۔ اس موقع پر برطانوی وزیر خارجہ سے بھی سوال کیا گیا کہ کیا وجہ ہے کہ عراق پر تو امریکہ اور برطانیہ نے حملہ کر دیا تھا لیکن پاکستان کے جوہری پھیلاؤ میں کردار پر وہ خاموش ہیں۔ جیک سٹرا نے کہا کہ عراق کے معاملے میں عالمی برادری شریک تھی اور پھر عراق سلامتی کونسل کی قرارداد 1441 کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ چاہتا ہے کہ تمام ممالک جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی پر عمل کریں۔ این پی ٹی پر بھارت اور پاکستان دونوں نے ہی اب تک دستخط نہیں کیے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||