برطانوی وزیر خارجہ پاکستان میں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
برطانوی وزیر خارجہ جیک سٹرا تین روزہ سرکاری دورے پر پیر کو اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ وہ اپنے دورے کے دوران پاکستانی رہنماؤں سے جوہری عدم پھیلاؤ سمیت کئی معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ جیک سٹرا کی صدر جنرل پرویز مشرف سے ملاقات ہو چکی ہے۔ وزارت خارجہ کی ایک پریس ریلیز کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ وزیر اعظم شوکت عزیز اور اپنے پاکستانی ہم منصب خورشید قصوری سے دو طرفہ تعلقات، پاک بھارت مذاکرات،افغانستان کی تعمیر نو، انسداد دہشت گردی اور جوہری عدم پھیلاؤ کے معاملات پر بات کریں گے۔ برطانوی وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوران لاہور بھی جائیں گے جہاں وہ ایک ادارے میں روشن خیال اعتدال پسندی کے موضوع پر لیکچر دیں گے۔ برطانیہ پاکستان کا چوتھا بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والا سب سے بڑا ملک بھی۔ گزشتہ برس دونوں ممالک کے درمیان ایک ارب چالیس کروڑ ڈالر کی تجارت ہوئی ہے جس میں پاکستان نے برطانیہ کو نو سو اکتالیس ملین کی مصنوعات برآمد کی ہیں۔ برطانیہ پاکستان کو غربت کے خاتمے سمیت کئی شعبوں میں امداد بھی فراہم کرتا ہے۔ پاکستان کی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطی دوروں میں اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اور برطانیہ ایک دوسری کو کتنی اہمیت دیتے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||