فالوجہ میں بیس عراقی ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراقی شہر فالوجہ کے شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک امریکی فضائی حملے میں کم سے کم بیس افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے فالوجہ کے شہریوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی فوج کے طیاروں نے سنیچر کو رہائشی علاقے پر میزائل فائر کیے جس سے کم سے کم بیس لوگ ہلاک اور بہت سے گھر تباہ ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں تین عورتیں اور پانچ بچے بھی شامل ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق امریکہ کی طرف سے اس خبر پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔ اس کے علاوہ بصرہ میں ایک بم حملے میں پرتگال کے ایک سیکیورٹی افسر سمیت دو شخص ہلاک ہو گئے ہیں۔ بغداد کے شمال مغرب میں بقوبہ میں جمعہ کی شام کو ایک امریکی فوجی ہلاک ہو گیا۔ یہاں گزشتہ دو دن کی لڑائی میں چھ عراقی ہلاک اور پچاس زخمی ہو چکے ہیں۔ ادھر بغداد کے شعیہ آبادی والے علاقے میں سینکڑوں خواتین نے امن کے لیے جلوں نکالا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||