امریکی دعویٰ شکوک کا شکار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی طرف سے جاری ہونے والے وڈیو نے بظاہر اس دعوے کی نفی کی ہے کہ امریکی حملے میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد تھے۔ اے پی ٹی این کی طرف سے جاری کئے جانے والے وڈیو میں شادی کے دوران فائرنگ سے پہلے اور بعد کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔ عراقیوں کا کہنا تھا کہ اس شادی کے دوران مبینہ امریکی فائرنگ سے چالیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس ٹیلی ویژن نیوز نے شادی کی تقریب کی وڈیو اور حملے کے بعد اے پی ٹی این کی بنائی فلم کو یکجا کر کے ٹی وی پر نشر کیا۔ عراقی شادی پر مبینہ امریکی حملے کی زد میں آنے والے اور بعض زندہ بچ جانے والے افراد شادی کی تقریب کی وڈیو میں بھی دکھائی دے رہے ہیں۔ امریکہ کا اصرار ہے کہ شادی کی تقریب اس کا ہدف نہیں تھا بلکہ اس کا مقصد غیر ملکی جنگجوؤں کو نشانہ بنانا تھا۔ اس کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکی فوجیوں نے فائرنگ کے جواب میں کارروائی کی اور اس موقع پر بظاہر شادی کی تقریب کا کوئی جواز دکھائی نہیں دے رہا تھا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے زور دیا ہے کہ شادی کی ویڈیو فلم کے مستند ہونے کی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔ ایجنسی کے مطابق ٹی وی پر نشر کی گئی فلم شادی کی تقریب کی کئی گھنٹے طویل ریکارڈنگ سے حاصل کی گئی ہے جو مبینہ طور پر یاسر شوکت نامی ایک شخص نے تیار کی تھی۔
شادی کی فلم بنانے کے لئے یاسر شوکت کی خدمات حاصل کی گئیں تھیں جو ایسوسی ایٹڈ پریس کے بقول مبینہ امریکی حملے میں ہلاک ہونے والوں میں شامل تھے۔ اس سے پہلے خبر رساں ادارے اے پی نے اعلان کیا تھا کہ اس نے وہ وڈیو حاصل کر لیا ہے جس میں شادی کے تقریب کے مناظر ہیں اور ٹیپ میں دلہن گاڑیوں کے ایک قافلے کے ساتھ آتی دکھائی دے رہی ہے۔ اس وڈیو میں لوگ سجے ہوئے شامیانوں کے نیچے رقص کر رہے ہیں اور مختلف ساز بجا رہے ہیں۔ وڈیو میں ان افراد میں سے کچھ وہ بھی ہیں جو بعد میں مبینہ امریکی حملے کے بعد مردہ نظر آ رہے ہیں۔ امریکی فوج نے اس سے انکار نہیں کیا کہ اس نے شام کی سرحد کے پاس حملہ کیا تھا۔ تاہم امریکیوں کا کہنا ہے کہ وہاں کوئی شادی نہیں ہو رہی تھی بلکہ غیر ملکی جنگجو تھے۔ ایک امریکی ترجمان کا کہنا تھا کہ فوجیوں نے اس مقام سے ہتھیار اور دیگر چیزیں بھی برآمد کی تھیں جن سے اتحادی فوج کے مخالفوں کے ایک اجلاس کے ہونے کی نشاندھی ہوتی تھی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||