’ٹرمپ کو تنقید سننے کی برداشت رکھنی چاہیے‘
عراق میں ہلاک ہونے والے امریکی مسلمان آرمی کیپٹن ہمایوں خان کے والدین کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید سننے کی برداشت رکھنی چاہیے۔
بی بی سی اردو کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں خضر خان نے کہا کہ ’ہم تار کین وطن ہیں۔ جب ڈونلڈ ٹرمپ نے مسلمانوں پر حملہ شروع کیا تو اس وقت خیال آیا کہ ہم اس مقام پر ہیں کہ یہ کہہ سکیں کہ ہم حب وطن مسلمان ہیں۔ تو جب وہ الفاظ منہ سے نکلے وہ لوگوں کے دلوں کو لگے۔‘
جب خضر خان سے پوچھا گیا کہ آج کل ٹی وی پر ان کا ذکر لگاتار کیا جا رہا ہے اور ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹس کے ذریعے بھی ان پر خاصا غصہ نکالا ہے تو انھوں نے کہا ’ٹرمپ کے لیے میرا یہ پیغام ہے کہ میں ان سے براہ راست مخاطب نہیں ہوں۔ دوسرا یہ ہے کہ ایک قوم کے رہنما میں اتنی گنجائش ہونی چاہیے کہ وہ تنقید کو برداشت کر سکیں۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ٹرمپ سے معافی چاہتے ہیں تو خضر خان نے مزید کہا کہ ’معافی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ہم معافی سے بڑی پوزیشن پر بیٹھے ہیں۔ ہم ’گولڈ سٹار‘ فیملی ہیں جسے یہ قوم بہت بڑے مقام پر بٹھاتی ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہAFP
خضر خان کی اہلیہ غزالہ خان سے پوچھا گیا کہ جب ٹرمپ نے ٹویٹ کیا تھا کہ وہ ڈیموکریٹک کنونشن کے سٹیج پر خاموش کھڑی تھیں اور شاید انھیں بولنے نہیں دیا گیا اور یہ بھی کہ اسلام میں ایسا ہوتا ہے، تو انھوں نے کہا ’اس وقت سارے امریکہ نے میرے جذبات محسوس کیے تھے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے میری تکلیف نہیں دیکھی، میری خاموشی دیکھی۔ میرے بیٹے کی تصویر پیچھے لگی ہوئی ہے اور مجھ سے کہتے ہیں کہ بات کرو کھڑی ہو کر؟ میرے میں ہمت نہیں تھی۔ جو کچھ بھی میرے شوہر کہہ رہے تھے وہ میری آواز بھی تھی۔‘
انھوں نے اپنے بیٹے ہمایوں خان کے بارے میں کہا کہ جب وہ فوج میں بھرتی ہونے جا رہے تھے تو انھوں نے اسے روکنے کی کوشش کی تھی۔ ’میں تو نہیں برداشت کر سکتی تھی لیکن اس نے ہنس کر کہا کہ اسے آرمی کا ڈسیپلن بہت پسند ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جب دونوں والدین سے پوچھا گیا کہ ان کی تقریر کے بعد ان پر تنقید کی جا رہی ہے تو خضر خان نے کہا ’ظاہر ہے جب آپ کسی پر تنقید کرتے ہیں تو اس کا حق بھی ہے کہ وہ آپ پر تنقید کرے۔ لیکن فرق صرف اتنا ہے کہ میں کسی آفس کے لیے امیدوار نہیں ہوں۔ جو آفس کے لیے امیدوار ہوتے ہیں ان کی ذہنیت زیادہ بڑی ہونی چاہیے۔‘

،تصویر کا ذریعہAFP
یاد رہے کہ امریکہ کے صدارتی انتخاب میں رپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ خدشہ ظاہر کیاتھا کہ نومبر میں ہونے والے الیکشن میں دھاندلی ہو سکتی ہے۔
اس سے پہلے ڈونلڈ ٹرمپ نے اپني ایک حالیہ تقرير میں ڈیموکریٹ پارٹی کی امیدوار اور اپنی حریف ہلری کلنٹن کو 'شیطان' قرار دیا۔







