ٹرمپ، تم نے کوئی قربانی نہیں دی: مسلمان فوجی کے والد

،تصویر کا ذریعہGetty
عراق میں ہلاک ہونے والے ایک امریکی مسلمان فوجی کے پاکستانی نژاد امریکی والد نے ڈانلڈ ٹرمپ کی امریکہ میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کی تجویز پر سخت تنقید کی ہے۔
خضر خان نے جمعرات کو منعقد ہونے والی ڈیمو کریٹک کنونشن میں ایک تقریر کے دوران امریکی صدارت کے لیے رپبلکن پارٹی کی جانب سے نامزد امید وار ڈانلڈ ٹرمپ سے کہا ’میں آپ سے پوچھتا ہوں، کیا آپ نے کبھی امریکہ کا آئین پڑھا ہے؟ میں خوشی سے آپ کو اپنی کاپی دیتا ہوں۔‘

،تصویر کا ذریعہgetty
خضر خان ایک پاکستانی نژاد امریکی مسلمان ہیں جو پاکستان میں پیدا ہوئے تھے اور پھر متحدہ عرب امارات چلے گئے جہاں سے وہ 80 کی دہائی میں امریکہ آگئے تھے۔
ناظرین کی پرجوش تالیوں کے دوران انھوں نے مزید کہا ’اس دستاویز میں آزادی اور قانون کے الفاظ پڑھیں۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty
خان کے بیٹے ہمایوں خان ان 14 مسلمان امریکی فوجیوں میں سے ایک تھے جنھوں نے امریکی افواج میں 10 سال خدمات انجام دیں اور سنہ 2004 میں عراق میں ڈیوٹی کرنے کے دوران ہلاک ہوگئے تھے۔
خان نے کہا کہ اگر ٹرمپ کی تجویز کے مطابق مسلمانوں پر پابندی عائد کر دی جاتی تو ان کے مقتول بیٹے کو امریکہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ملتی۔
انھوں نے لوگوں سے گذارش کی کہ وہ ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے نامزد صدارتی امیدوار ہلری کلنٹن کو ہی ووٹ دیں۔

،تصویر کا ذریعہgetty
ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن کے موقع پر اپنی بیوی کے ساتھ کھڑے تقریر کرتے وقت خان نے مزید کہا ’ٹرمپ تم نے کوئی قربانی نہیں دی ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے ناظرین سے کہا ’اس الیکشن کو معمولی نہ سمجھیں۔ یہ ایک بہت تاریخی انتخابات ہیں اور میں آپ سے گذارش کرتا ہوں کے میرے بیٹے کی قربانی کا احترام کریں۔‘
ڈانلڈ ٹرمپ پر مزید تنقید کرتے ہوئے خان نے کہا ’وہ دیگر اقلیتوں، خواتین، ججوں اور یہاں تک کہ اپنی ہی پارٹی کی قیادت کی توہین کرتے ہیں۔‘







