طاہر القادری کا دھرنا اور بارش

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 17 جنوری 2013 ,‭ 12:10 GMT 17:10 PST
  • حکومت کی دس رکنی کمیٹی نے تحریکِ منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ان کے مطالبات پر مذاکرات شروع کر دیے ہیں۔
  • طاہر القادری نے جمعرات کی دوپہر اسلام آباد کے ڈی چوک میں تیز بارش میں بھیگتے ہوئے دھرنے پر بیٹھے ہزاروں افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ حکومت کو اصلاحات کے لیے جمعرات شام تین بجے تک کی مہلت دے رہے ہیں۔
  • انہوں نے کہا کہ شام سے قبل اس معرکے کو ختم کرنا ہے اور اگر صدرِ پاکستان ان سے مذاکرات کے لیے نہ آئے تو وہ امن کا آخری موقع بھی گنوا دیں گے۔
  • ان کے اس اعلان پر حکومت نے دس رکنی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی ہے جو دھرنے کے مقام پر طاہر القادری کے کنٹینر میں ان سے بات چیت کر رہی ہے۔ اس کمیٹی میں پیپلز پارٹی اور حکومت میں اس کی اتحادی جماعتوں کے ارکان شامل ہیں۔
  • دھرنے کے مقام پر موجود بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ موقع پر موجود مظاہرین چاہتے ہیں کہ طاہر القادری اور حکومت کے درمیان مذاکرات ہوں بلکہ یہ مذاکرات بہت پہلے ہونے چاہیے تھے تاہم وہ مطالبات تسلیم ہونے تک دھرنا ختم نہیں کریں گے۔
  • ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے مطالبات تسلیم کرنے کے لیے حکومت کو دی گئی دوسری ڈیڈ لائن بھی بدھ کی رات ختم ہوگئی تھی۔
  • بدھ کو ہی وزیرِ داخلہ رحمان ملک نے صحافیوں سے بات چیت میں دھرنا دینے والوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کا اعلان کیا تھا جس کی تردید رات گئے صدر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کی گئی تھی۔
  • صدرِ پاکستان نے کہا کہ دھرنے کے شرکاء کے خلاف طاقت استعمال نہیں کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ ڈاکٹر طاہر القادری اور ان کے حمایتی پرامن رہیں گے۔
  • بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور تمام معاملات کا مذاکرات کے ذریعے حل چاہتی ہے۔
  • اس سے قبل وزیرِ داخلہ رحمان ملک نے کہا تھا کہ ’انہیں باہر نکالنا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں۔ آپریشن مناسب وقت پر کیا جائے گا۔۔۔زیادہ دیر نہیں لگے گی اور یہ قانون کے مطابق ٹارگٹڈ ایکشن ہوگا۔‘
  • تاہم آپریشن کے اعلان کے ساتھ ہی انہوں نے طاہر القادری کو مذاکرات کی دعوت بھی دی تھی۔

ملٹی میڈیا

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔

]]>