BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Tuesday, 25 July, 2006, 17:05 GMT 22:05 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
گولڈن ایج پر ایک نظر
 گرو دت
گُرو دت جیسے ڈائریکٹرز کا اپنا الگ اور انوکھا انداز تھا
ہندوستان کی آزادی اور تقسیم ہند کے بعد کی دہائی کو اکثر ہندی اُردو سنیما کی گولڈن ایج کہا جاتا ہے۔ لیکن سنیما کے اس سُنہرے دور کو صرف چار ڈائریکٹرز کے نام سے جوڑا گیا ہے اور وہ ہیں محبوب خان، بمل رائے، راج کپور اور گُرو دت۔

اس بات پر اتفاق شاید مشکل ہے کہ یہ گولڈن ایج کس فلم سے اور کب شروع ہوئی، لیکن یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ 1960 میں بنی کے عباس کی فلم مغلِ اعظم کے ساتھ سنیما کا یہ کلاسیکل دور ختم ہوتا ہے۔ اکثر لوگوں کا ماننا رہا ہے کہ یہ گولڈن ایج چالیس کی دہائی میں شروع ہوئی اور ساٹھ کی دہائی میں جا کر ختم ہوئی۔ پر ہندوستانی سنیما کے اس کلاسیکل دور کو پچاس کی ہی دہائی سے وابستہ کیاگیا ہے، کیوں کہ اس دور کے بڑے ڈائریکٹرز کی زیادہ تر کامیاب فلمیں پچاس کی دہائی میں ہی بنی۔ اس لیے اس دہائی کو ہندوستانی فلم تاریخ میں ’گولڈن فِفٹیس‘ کہا جاتا ہے۔

سنیما کے اس دور کوصرف چار ڈائریکٹرز تک محدود رکھنے میں فلم جرنلسٹس اور کرٹکس کافی حد تک ذمہ دار ہیں۔ اُن پہ فرانس میں مشہور ’آوٹیر تھیوری‘ کا کافی اثر تھا۔ اس تھیوری کے مطابق ایک ڈائریکٹر اپنی فلم ٹھیک اسی طرح تحریر کرتا ہے جیسے کہ ایک افسانہ نگار اپنی کہانی۔ یعنی ایک ڈائریکٹر کے بغیر ایک فلم کا کوئی وجود نہیں۔ فلم کے سارے مقصد اور مطلب ڈائریکٹر کی ذات اور اُس کے نظریات سے ہی جڑے ہوتے ہیں۔ اس سوچ کے تحت الفریڈ ہِچکاک، جان فورڈ اور فرِٹز لینگ جیسے ڈائریکٹرز کو مغربی ملکوں میں ’جینئیس‘ کا درجہ عطا کیا گیا۔

ہندی اُردو سنیما کی گولڈن ایج

وجہ چاہے جو بھی ہو اس بات میں کوئی شک نہیں کہ بِمل رائے، محبوب خان، راج کپور اور گرو دت جیسے ڈائریکٹرز کا اپنا الگ اور انوکھا انداز تھا جس کے لیے آج بھی دنیا بھر میں ان کی فلمیں دیکھی اور پسند کی جاتی ہیں اور آپ چاہے آٹیر تھیوری میں یقین رکھتے ہو یا نہیں، پر اس بات سے کوئی انکار نہیں کہ بر صغیر میں گرو دت یا بمل رائے کو وہی مقام حاصل ہے جو کہ ہالی وُڈ میں جان فورڈ یا ہِچکاک کو اور جب ہم گرو دت یا بمل رائےکا ذکر کرتے ہیں تو ’گولڈن فِفٹیس‘ پر بحث لازمی ہے۔

پر بھلا ففٹیس کی اس لسٹ میں وی شانتارام کا نام موجود کیوں نہیں؟ اس کی ایک وجہ شاید یہ بھی ہو سکتی ہے کہ انھوں نے پچاس کی دہائی سے پہلے بھی فلمیں بنائی تھیں۔ پر محبوب خان نے بھی کئی فلمیں 1950 سے پہلے بنائیں۔ محبوب خان کی ہی طرح وی شانتارام کی کئی فلمیں پچاس کی دہائی میں رِلیز اور ہٹ ہوئیں۔

وجہ جو بھی رہی ہو، ہم اس دور کا تذکرہ وی شانتارام کی ہی فلموں سے شروع کرینگے۔ اس سے پہلے کہ ہم وی شانتارام کی فلموں پر بات کریں یہاں یہ کہنا بھی ضروری ہے کہ اس گولڈن دور کے عظیم ڈائریکٹرز کی لسٹ میں بنگالی سنیما کے اُن ڈائریکٹرز کو بھی شامل نہیں کیا جاتا جن کا ہندوستان کی فلم تاریخ پر اتنا ہی گہرا اثر رہا ہے جتنا کہ گرو دت یا راج کپور کا۔ وہ ہیں ستیاجیت رے اور رِتوِک گھٹک۔ بھلے ہی اُنہوں نے ممبئی فلم کی طرز پر اور ہندوستانی زبان میں اپنی فلمیں نہ بنائی ہوں پھر بھی ستیاجیت رے اور رِتوِک گھٹک کی اسی دہائی میں بنی فلموں نے انڈین فلم میں ایکسپیریمنٹ کے راستے کھولے۔ یہ ایک الگ بات ہے کہ چند ڈائریکٹرز کی خود فہمیوں اور خود غرضی کی وجہ سے اس طرح کی فلمیں سوائے چند لوگوں کے اور کسی کو پسند نہیں آئیں۔


خیر یہاں اس بحث کو چھیڑنا مناسب نہیں۔ اس کے علاوا اس دور کو صرف ڈائریکٹرز کی وجہ سے گولڈن ایج سمجھنا بھی غلط ہوگا۔ اسی دور نے ہمیں نایاب ادا کار پیش کیے جن کا اثر آج بھی فلم انڈسٹری پر دیکھا جا سکتا ہے۔ چاہے وہ دلیپ کمار ہو یا دیو آنند، مدھو بالا یا نرگِس، یا جانی والکر۔ ہندوستانی سنیما کے کئی بڑے ستاروں نے اپنی کامیابی کا سفر گولڈن ففٹیس سے ہی شروع کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ اسی دور نے ہمارے سامنے ایسے گیت کار اور موسیقار پیش کیے جن کے بغیر ہم ہندوستانی سنیما کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔

ہم اِس دور سے ایک بار پھر گزرتے ہیں اور سب سے پہلے ذکر وی شانتا رام کا کرینگے۔ کیوں کہ اس دور کے ان نظریاتی پہلوؤں کو سمجھنا بہت ضروری ہے جن کی وجہ سے فلم کو ایک آرٹ مانا گیا اورفلم ڈائریکٹر کو ایک آرٹسٹ۔ اس دور میں فلم آرٹسٹ اپنی ذمہ داریوں کو اپنے آڈئینس سے بہتر پہچانتا تھا مگر پھر بھی اسی دور نے ہمیں ہندوستانی سنیما کی سب سے کامیاب فلمیں پیش کیں۔

آج یہ یاد کرنا ضروری نہیں کہ پروگریسیو ہونا اس دور کا آرٹسٹ اپنی خاص ذمہ داری سمجھتا تھا۔ دنیا کو ہم نے گرو دت اور راج کپور کے لینس سے دیکھا تو بے حال زندگی میں بھی رومانس نظر آیا۔ گرو دت نے دیوداس کو ایک نئی اور سیاسی ہستی دی اور ہندوستانی فلم کو بیمار شہروں سے محبت ہو گئی۔ ہم اس لیے سب سے پہلے وی شانتارام کی بات کرینگے تاکہ ہم اُس موڈ سے یہ سفر شروع کریں جہاں سے ہندوستانی سنیما نے اپنی الگ راہ اختیار کی، جہاں سے سنیما میں بھی صبح آزادی کے ساتھ ساتھ مایوسی اور ناکامی کا نیا دور شروع ہوا۔

خاموشی چھاگئی
مغل اعظم کا لاہور میں پریمئر شو
بالی وڈ: پرانی فلمیں رنگین ہونگیبلیک اینڈ وائٹ
بالی وڈ: پرانی فلمیں رنگین ہونگی
اسی بارے میں
باغیوں کی فلموں کے خلاف بغاوت
16 September, 2003 | فن فنکار
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد