نا یاب ہرنوں کے غیر قانونی شکار کے معاملے میں جیل کی سزا کاٹ رہے بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کی ضمانت کی عرضی پرجودھپور ہائی کورٹ میں سماعت جمعہ تک کے لیے ملتوی کردی گئی ہے۔ جمعرات کو جب جسٹس ایچ آر پنوار کی عدالت میں سماعت شروع ہوئي تو استغاثہ نے بحث کے لئے مزید وقت کی درخواست کی جسے قبول کرتے ہوئے عدالت نے سماعت جمعہ تک کے لیے ملتوی کردی۔ جمعہ کو وکلاء کی ہڑتال ہے اور سلمان نے مزید تاخیر سے بجنے کے لیے ممبئی سے وکیل بلائے ہیں۔ بدھ کو مقررہ جج جسٹس جی کے ویاس نے یہ کہہ کر سلمان کی ضمانت کی عرضی پر سماعت کرنے سے انکار کر دیا تھا کہ وہ بطور وکیل غیر قانونی شکار کے ایک معاملے کی پیروی کر چکے ہیں۔ ان کے اس فیصلے کے بعد جسٹس ایچ آر پنوار کو اس معاملے کی سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔ گزشتہ سنیچر سے سلمان خان جودھپور کے سنٹرل جیل میں قید کی سزا کاٹ رہے ہيں۔ توقع کی جا رہی تھی کہ ان کے مقدمہ کی سماعت پیر کو ہوگي لیکن ان کی درخواست کے سلسلے میں بعض عدالتی خانہ پری کی کمی کے سبب سماعت نہیں ہوسکی تھی۔ منگل کو عدالت میں تعطیل تھی، بدھ کو ایک جج نے اس مقدمہ کی سماعت کرنے سے انکار کردیا اور جمعرات کو جسٹس ایچ آر پنوار کی عدالت نے اس مقدمہ کی سماعت کل تک لیے ملتوی کردی ۔ گزشتہ چوبیس اگست کو ضلعی عدالت نے سلمان خان کی سزا کے ذیلی عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا۔ ذیلی عدالت نے سلمان کو ہرنوں کے شکار کے معاملے میں پانچ برس قید کی سزا دی ہے۔ انہیں اسی طرح کے ایک دیگر معاملے میں ایک برس قید کی سزا دی گئی ہے اور اس فیصلے کے خلاف بھی انہوں نے چیلنج کیا ہے۔
|