انڈیا: ’تیرہ ماؤ نواز باغی ہلاک‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انڈیا کی ریاست چھتیس گڑھ میں پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں تیرہ ماؤ نواز باغی ہلاک ہوگئے ہیں۔ یہ جھڑپیں ضلع دانتے واڑہ اور سرگجا کے دیہاتوں میں ہوئی ہیں۔ پولیس افسران کا کہنا ہے کہ دانتے واڑہ کے دیور پلّی گاؤں میں ماؤ نواز باغیوں کے ایک اجلاس کے موقع پر نیم فوجی دستوں کے چھاپے کے بعد جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ پولیس نے اس واقعہ میں دس لوگوں کی ہلاکت کا دعوٰی کیا ہے لیکن اس میں سے ایک فرد کی لاش بھی برآمد نہیں ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ باغی فرار ہوتے ہوئے لاشیں اپنے ساتھ لےگئے ہیں۔ دوسری جھڑپ سرگجا میں ہوئی ہے اور پولیس نے جائے وقوع سے تین لاشیں برآمد کی ہیں۔ چھتیس گڑھ میں بی بی سی کے نامہ نگار فیصل محمد علی کے مطابق پولیس افسر او پی راٹھور نے بتایا ہے کہ چونکہ باغی جنگلات کے آس پاس ہوتے ہیں اور عام طور پر بارودی سرنگوں کا خطرہ ہوتا ہے اس لیئے پولیس کے لیے یہ کام آسان نہیں ہے کہ وہ جنگلوں میں ان باغیوں کا پیچھا کرے۔ مسٹر راٹھور کا کہنا تھا کہ انہی وجوہات کے سبب باغیوں کو عام طور اپنے ساتھیوں کی لاشیں اٹھانے کا موقع مل جاتا ہے۔ ریاست چھتیس گڑھ میں ماؤنواز باغی کافی عرصے سے حکومت سے برسرِ پیکار ہیں جس سے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ حالیہ دنوں میں اندھرا پردیش، جھارکھنڈ اور چھتیس گڑھ جیسی ریاستوں میں ماؤ نوازوں کی زبردست سرگرمیاں دیکھی گئی ہیں جس سے نمٹنے کے لیئے چھتیس گڑھ کی حکومت نے متعدد دیہات کے باشندوں کو لڑائی کی تربیت دی تھی۔ دیہاتیوں کی مدد سے باغیوں کے خلاف لڑائی میں تیزی تو آئی ہے لیکن اس پوری سکیم کے خطرناک اثرات بھی مرتب ہوئے ہیں اور باغیوں نے بلاتفریق گاؤں والوں کو اپنا نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے اور ان کی حفاظت کے لیئے حکومت کو علیحدہ انتظامات کرنے پڑے ہیں۔ اس پوری کارروائی میں علاقے کے نصف لوگ ماؤ نواز باغیوں کے قبضے میں ہیں اور نصف پولیس کے بنائےگئے خیموں میں رہائش پذیر ہیں۔ بی بی سی کے نامہ نگار جل میکگیورنگ نے علاقے کے دورے کے بعد بتایا ہے کہ اس پوری مہم کے دوران لوگ فاقوں کا شکار ہیں اور بیماریوں اور دیگر مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ | اسی بارے میں جھارکھنڈ: پولیس کے بارہ اہلکار ہلاک01 June, 2006 | انڈیا ماؤ باغیوں نے سٹیشن اڑا دیا09 April, 2006 | انڈیا بارودی سرنگ کا دھماکہ، دو ہلاک20 March, 2006 | انڈیا بارودی سرنگ دھماکے،13 ہلاک25 March, 2006 | انڈیا بھارت: باغیوں کا حملہ، 23 ہلاک28 February, 2006 | انڈیا ماؤ نواز باغیوں کے حملے،آٹھ ہلاک10 February, 2006 | انڈیا یوم جمہوریہ، تشدد کے واقعات 26 January, 2006 | انڈیا ’باغیوں سے نمٹنا فوج کا کام نہیں‘04 January, 2006 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||