بہار، آسام میں تشدد، تین ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی ریاست بہار کے نالندہ ضلع کے ایک تھانے کو ماؤ نواز باغیوں نے دھماکے سے اڑا دیا ہے۔ اس واقعہ میں دو پولیس اہلکار ہلاک اور چار دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نالندہ میں سینکڑوں ماؤ نواز باغیوں نےگھات لگا کر ایک پولیس اسٹیشن کو ڈائنامائٹ سے اڑا دیا اور پھر وہ پولیس کااسلحہ و بارود لے کر فرار ہوگئے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت پولیس اہلکار سو رہے تھے۔ اس حملے میں ایک زخمی پولیس کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ ادھر بھارتی ریاست آسام میں بھی شدت پسندو ں کے ایک حملے میں ایک شخص مارا گیا جبکہ چھ افراد زخمی ہوگئے۔ آسام میں حملے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ اس میں کربی قبائل کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔ یہ قبیلے ریاست کی خود مختاری کے لیے لڑ رہے ہیں۔ شمال مشرقی ریاستوں میں باغیانہ سرگرمیاں بھارت کے یوم آزادی یعنی پندرہ اگست سے قبل تیز ہوگئی ہیں۔ گزشتہ دو روز میں اس طرح کے مختلف واقعات میں پانچ افراد مارے جا چکے ہیں۔ شمال مشرقی ریاستوں کی شدت پسند تنظیموں نے پندرہ اگست کے روز یوم آزادی کی تقاریب کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||