بھارت پر سے پابندی اٹھانے کا مطالبہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی وزیر دفاع پرنب مکھرجی نے امریکہ سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت پر سےجوہری ٹیکنالوجی کی منتقلی سے متعلق پابندی ہٹا لے۔ امریکہ نے یہ پابندی 1998 میں بھارت کے جوہری دھماکوں کے بعد لگائی تھی۔ مسٹر مکھرجی واشنگٹن میں اپنے دورے کے دوران اخبار نویسوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد بطور وزیر دفاع یہ ان کا پہلا دورہ ہے۔ حالیہ برسوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات بہتر ہوئے ہیں۔ مسٹر مکھرجی نے کہا کہ واشنگٹن اور نئی دہلی کی سکیورٹی سے متعلق تشویش اور اقدار ایک جیسی ہیں۔ہماری جوہری توانائی اور سکیورٹی پروگرام علیحدہ ہیں۔ انہوں نے کہا ’ہم یقین دلاتے ہیں کہ حساس تکنالوجی کبھی غلط ہاتھوں میں نہیں جانے دی جائے گی‘۔ منگل کو مسٹر مکھرجی امریکہ کہ اپنے ہم منصب ڈونلڈ رمزفیلڈ سے ملاقات کریں گے۔ اگلے ماہ بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ امریکہ کے اپنے دورے کے دوران صدر بش سےملاقات کریں گے۔ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات بہتر ہوئے ہیں اور اب امریکہ بھارت کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔اس کے علاوہ دونوں کے درمیان فوجی تعلقات میں بھی بہتری آئی ہے جس کے تحت مشترکہ فوجی مشقیں اور خلائی اور اعلی تکنالوجی کے شعوبے شامل ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||