مہاراشٹر میں ایک ٹرین حادثے میں 55 افراد ہلاک اور کئی شدید زخمی ہوئے ہیں۔ تین افراد نے جمعہ کو ہسپتال میں دم توڑا جبکہ متععد زخمیوں کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں کم از کم تیس خواتین اور دس بچے شامل ہیں۔ یہ حادثہ ناگ پور جبل پور ہائی وے پر بڑودہ گاؤں کے پاس ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق کنہاں ریلوے کراسنگ پر ایک ٹریکٹر لوکل ٹرین ’ناگپور رام ٹیک‘ سے ٹکرا گیا۔ ہلاک ہونے والے تمام افراد ایک شادی کی تقریب کے مہمان تھے۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتال داخل کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ریل ڈرائیور نے ہارن دے کر ٹریکٹر ڈرائیور کو خبردار کرنے کی کوشش کی لیکن اس کا کوئی نتیجہ برآمد نہ ہو سکا۔ جب ٹرین ٹکرائی اس وقت آدھا ٹریکٹر ریلوے ٹریک کے اس پار اور آدھا دوسری جانب تھا۔ ٹریکٹر ٹرالی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ کچھ زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے اور امکانات ہیں کہ اس میں مزید افراد ہلاک ہو سکتے ہیں۔ |