وینکیا نائیڈو پر حملہ، ہیلی کاپٹر تباہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بی جے پی کے سرکردہ رہنما اور پارٹی کے سابق صدر وینکیا نائیڈو کے ہیلی کاپٹر کو ماؤنواز باغیوں نےآگ لگادی ہے۔تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے ہیں۔ مسٹر نائیڈو انتخابی مہم کے لۓ جھارکھنڈ جارہے تھے۔ اطلاعات کے مطابق تیل کی کمی کے سبب ہیلی کاپٹر کو اچانک راستے میں ہی لینڈ کرنا پڑا اور اسے بہارمیں گیا کے پاس ایسی جگہ اتارا گیا جو ماؤنوازوں کے اثر و رسوخ والا علاقہ ہے۔ وینکیا نائیڈو ایک پارٹی کارکن کی موٹر سائیکل پر سوار ہوکر وہاں سے چلے گئے۔ لیکن انکے نکلتے ہی وہاں نکسلیوں نے پیٹرول بم سے ہیلی کاپٹر پر حملہ بول دیا۔ ایجنسی کی خبروں کے مطابق چونکہ لوگ ہیلی کاپٹر کے اندر نہیں تھے اس لیے کسی کو نقصان نہیں پہنچا ہے۔ وینکیا نائیڈو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کئی بار کہنے کے باوجود بھی ان کے لیے حفاظتی بندوبست نہیں کیے گۓ اور بڑی مشکل سے وہ نکسلیوں کے حملے سے بچ سکے۔ کچھ روز قبل ہی گیا میں ماؤنواووں نے لوک جن شکتی پارٹی کے ایک امیدوار کو ہلاک کردیا تھا۔ بہار میں آئندہ اسبملی انتخابات کی مہم جاری ہے۔ لیکن ساتھ ہی اغواء زنی اور نکسلیوں کی باغیانہ سرگرمیاں بھی اپنے عروج پر ہیں۔ تازہ واقعات سے اپوزیشن جماعتوں کو رابڑی دیوی حکومت کو نشانہ بنانے کا ایک اور موقع مل گیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||