’ آپکےدکھ میں برابر کے شریک ہیں‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کے وزیراعظم من موہن سنگھ نے کہا ہے کہ حکومت سونامی لہروں سے متاثرہ افراد کو دوبارہ آباد کرنے کے لیے ہرممکن کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سمندری طوفان سے جن لوگوں کی زندگیاں اجڑی ہیں، حکومت انہیں پوری طرح کی مدد بہم پہنچائے گی تا کہ وہ دوبارہ باوقار زندگی کی شروعات کر سکیں۔ وزیراعظم من موہن سنگھ نے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوسرے دن کیرالہ میں بہت سے متاثرہ افراد کے لیے قائم کیے گئے کیمپوں کا دورہ کیا اور لوگوں کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے بعض مقامات پر لوگوں میں اپنے ہاتھ سے امدادی اشیاء تقسیم کیں۔ وزیراعظم کیرالہ کے بعد آندھرا پردیش کے متاثرہ علاقوں میں پہنچے اور لوگوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے امدادی کارروائی میں حصہ لیا اور بہت سےماہی گیروں کو جال تقسیم کیے۔ وزیراعظم من موہن سنگھ کے ساتھ مرکزی وزیر شرد پوار اور ای احمد بھی دورے پر ہیں۔ اطلاعات کے مطابق من موہن سنگھ پر تباہی کے مناظر کا گہرا اثر پڑا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت سونامی لہروں کے سبب یتیم ہونے والے معصوم بچوں کو اپنائے گی اور ان کی ہر طور پر مدد کی جائے گی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||