
بھارت میں ہیلی کاپٹر حادثوں میں کئي شخصیات ہلاک ہو چکی ہیں
بھارت کی ریاست جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ارجن منڈا ہیلی کاپٹر کے ایک حادثے میں زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس کے حکام کے مطابق انہیں رانچی کے سرکاری ہسپتال میں داخل کر دیا گيا ہے جہاں ان کا علاج ہو رہا ہے۔
ریاست کے دارالحکومت رانچی میں پولیس کے سربراہ رنجت کمار نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر ائرپورٹ پر لینڈنگ کے وقت حادثے کا شکار ہوا جس سے وزیر اعلیٰ زخمی ہوئے۔
خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کے سبب گرگیا۔ وزیر اعلیٰ ارجن منڈا کے ساتھ ان کی اہلیہ، ایک رکن اسبملی اور سکیورٹی گارڈ بھی سوار تھے۔
اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ کی اہلیہ کو کافی چوٹیں آئی ہیں لیکن کسی کی جان کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
جھارکھنڈ کے ڈی جی پی جی ایس راتھ کا کہنا تھا ’انہیں اپولو ہسپتال میں داخل کیاگیا ہے اور کسی پریشانی کی کوئي بات نہیں ہے۔‘
گزشتہ برس اسی ماہ میں ریاست اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ دروجی کھانڈر ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔
دو ہزار نو میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہی ریاست آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ راج شیکھر ریڈی ہلاک ہوئے تھے۔






























