ہیلی کاپٹر حادثہ، بارہ ہلاک

ہندوستان کی شمالی ریاست اروناچل پردیش میں فضائیہ کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا ہے اور اس واقعہ میں دونوں پائلٹوں سمیت بارہ اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
مشرقی کمان کے ترجمان ونگ کمانڈر رنجیب ساہو نے کلکتہ میں نامہ نگار سوبیر بھومک کو بتایا کہ یہ ایم آئی سترہ ہیلی کاپٹر چین کے سرحد کے قریب بومدیر گاؤں میں گر کر تباہ ہوا۔ یہ علاقہ توانگ کے نزدیک ہے۔
اروناچل پردیش کے ایک بڑے حصے پر چین اپنا دعویٰ پیش کرتا ہے اور یہ انتہائی دشوار گزار کوہستانی علاقہ ہے۔
مسٹر ساہو کے مطابق اس ہیلی کاپٹر میں دونوں پائلٹوں کے علاوہ فضائیہ کے نو دیگر اہلکار اور بری فوج کے دو جوان سوار تھے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق روسی ساخت کے اس ہیلی کاپٹر نے توانگ سے گوہاٹی کے لیے پرواز کی تھی۔ اے ایف پی نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ حادثہ خراب موسم میں پیش آیا۔
حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ یہ واقعہ دوپہر تقریباً بارہ بجے پیش آیا اور دو امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ بھیج دی گئی ہیں۔
جس جگہ یہ ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا، اس کے قریب ہی انیس سو ستانوے میں وفاقی وزیر این وی این سومو بھی ایک فضائی حادثے میں ہلاک ہوئے تھے۔



