وزیر اعلٰی کا ہیلی کاپٹر مل گیا

راج شیکھر ریڈی
،تصویر کا کیپشنراج شیکھر ریڈی نے اپنی پارٹی کو زبردست کامیابی دلائی تھی
    • مصنف, شکیل اختر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی

چوبیس گھنٹے کی زبردست تلاش کے بعد ہندوستان کی فضائیہ کے ہیلی کاپٹروں نے آندھرا پردیش کے وزیر اعلی وائی شیکھر ریڈی کے ہیلی کاپٹر کا پتہ لگا لیا ہے۔ تاہم وزیر اعلی کے بارے میں ابھی کچھ معلوم نہیں ہوا ہے۔

فضائیہ کے ایک ترجمان نے حیدرآباد میں بتایا کہ وزیر کا ہیلی کاپٹر کرنول سے مشرق میں تقریباً چالیس کلو میٹر دور گھنے جنگلوں میں ایک پہاڑ کی چوٹی پردکھائی دے رہا ہے ۔ تاہم ترجمان نے کہا کہ اس مرحلے پر یہ بتانا مشکل ہے کہ یہ ہیلی کاپٹر کسی حادثے کا شکار ہوا ہے یا وہاں ہنگامی حالات میں اترا ہے۔

’ہیلی کاپٹر پہاڑ کی چوٹی پر موجود ہے۔ فضائیہ کے دو ہیلی کاپٹر اس کے اوپر فضا میں منڈلا رہے ہیں ۔ یہ بہت دشوار علاقہ ہے اور ہیلی کاپٹر لینڈ کرنے کی جگہ تلاش کر رہے ہیں۔‘

ترجمان نے کہا کہ اس مرحلے پر اس سے زیادہ کچھ نہیں بتایا جا سکتا۔

وزیر اعلی ریڈی کا ہیلی کاپٹر بدھ کی صبح دارالحکومت حیدرآبار سے پرواز کرنے کے کچھ ہی دیر بعد لاپتہ ہو گیا تھا ۔ جس علاقے مین یہ ہیلی کاپٹر نظر آیا ہے وہ گھنے جنگلوں کا علاقہ ہے اور اس خطے میں ماؤ نواز بھی سرگرم رہے ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ بنگلور سے خصوصی کمانڈوز اس مقام پر لے جائے جا رہے ہیں جہاں مسٹر ریڈی کا ہیلی کاپٹر دیکھا گیا ہے۔ جنگل میں بدھ کی رات سے ہی سینکڑوں کمانڈو مسٹر ريڈی کی تلاش میں ہیں۔

ہندوستان کی ریاست آندھرا پردیش کی حکومت نے لوگوں سے اپیل کیا ہے کہ وہ ریاست کے وزیراعلی راج شیکھر ریڈی کو تلاش کرنے میں ان کی مدد کریں۔

وزیراعلی راج شیکھر ریڈی کا ہیلی کاپٹر بدھ کی صبح ساڑھے نو بجے سے لاپتہ ہے جس پر وہ حیدرآباد سے روانہ ہوئے تھے۔

ہندوستان کے ذرائع ابلاغ میں صبح ہی سے ہیلی کاپٹر لاپتہ ہونے کے متعلق مختف طرح کی خبریں نشر کی جا رہی تھیں لیکن دوپہر بعد ریاستی حکومت اور دلی میں کانگریس پارٹی نے اس بات کی تصدیق کر دی کہ آندھر پردیش کے وزیراعلی ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کا ہیلی کاپٹر جب سے لاپتہ ہے تب سے ان سے کسی طرح کا بھی رابطہ نہیں ہو سکا ہے۔

حالیہ عام انتخابات میں راج شیکھر ریڈی نے اپنی ریاست سے کانگریس پارٹی کو کامیابی دلانے میں اہم رول ادا کیا تھا اور خود بھی دوبارہ اقتدار میں آنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ کہا جاتا ہے کہ سونیا گاندھی اپنی پارٹی کے تمام وزراء اعلی میں مسٹر شیکھر پر سب سے زیاد اعتماد رکھتی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اس ہیلی کاپٹر میں وزیراعلی کے ساتھ ان کے چیف سکریٹری، ایک سینیئر افسر اور دو پائلٹ سوار تھے۔

حیدرآباد کے بیگم پیٹ ایئرپورٹ سے ہیلی کاپٹر ساڑھے آٹھ بجے پرواز کیا تھا اور وزیر اعلی کو چتّور کے ایک پروگرام میں شرکت کے لیے پونے گیارہ بجے پہنچنا تھا۔ لیکن حکام کے مطابق ساڑھے نو بجے کے بعد ہی اس سے رابطہ منقع ہوگیا۔

چتّور کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارش ہورہی ہے اور اسی علاقے میں نلّا ملاّ نامی مشہور جنگلات ہیں جو ماؤنوازوں کی سرگرمیں کے لیے جانے جاتے ہیں۔