کشمیر: ہیلی کاپٹرکریش، ایک ہلاک

- مصنف, ریاض مسرور
- عہدہ, بی بی سی اُردو ڈاٹ کام، سرینگر
بھارت کے زیرانتظام کشمیر کے جنوبی ضلع ڈوڈہ میں فوج کا ایک ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار ہوکر دریائے چناب میں گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثہ میں ایک فوجی ہلاک ہوگیا جبکہ تین لاپتہ ہیں۔
جموں کے ادھمپور ضلع میں تعینات بھارتی فوج کی شمالی کمان کے ترجمان کرنل بپلب ناتھ نے بتایا کہ ایم آئی سترہ ساخت کا یہ ہیلی کاپٹر جموں سے ڈوڈہ کی طرف پرواز پر تھا کہ دریائے چناب کے قریب وہ حادثہ کا شکار ہوگیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس میں کل چار اہلکار سوار تھے، ایک کی لاش ملی ہے جبکہ باقی تین اہلکاروں کی لاش کو تلاش کیا جارہا ہے۔ ترجمان کے مطابق فوج نے حادثہ کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے کورٹ آف انکوائری کا حکم دیا ہے۔
اِدھر وادی میں فوج کا کہنا ہے کہ شمالی قصبہ کیرن میں کنٹرول لائن کے قریب دو مسلح شدت پسند بھارتی علاقہ میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران فوج کی جوابی کاروائی میں مارے گئے۔
سرینگر میں تعینات فوج کی پندرہویں کور کے ترجمان لیفٹنٹ کرنل جے ایس برارنے بی بی سی کو بتایا کہ یہ تصادم جمعہ کی صبح پانچ بجے کیرن کے تیل پتھری سیکڑ میں ہوا۔ کرنل اوما کا کہنا تھا کہ مارے گئے دو شدت پسندوں میں سے ایک کی تحویل سے پاکستانی فوج کا شناختی کارڑ برآمد ہوا ہے، جس کی جانچ کی جارہی ہے۔
اِدھر شمالی کشمیر کے ہی بارہمولہ قصبہ میں سخت گیر علیٰحدگی پسند رہنما سید علی گیلانی نے پہلے سے اعلان کئے گئے پروگرام کے مطابق ہزاروں لوگوں پر مشتمل عوامی ریلی سے خطاب کیا۔ اس دوران گیلانی کی کال پر پورے ضلع بارہمولہ میں مکمل ہڑتال رہی اور لوگوں نے مظاہرے کئے۔
مظاہروں کے دوران قصبہ کی خانپورہ بستی میں فوج کی فائرنگ سے ایک لڑکی زخمی ہوگئی۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ خواتین اور بچے گیلانی کی آمد پر آزادی کے حق میں نعرے بازی کررہے تھے کہ اچانک وہاں سے فوج کی تین گاڑیاں گزریں اور ان میں سوار مسلح فوجیوں نے فائرنگ کی جس سے ایک نوجوان لڑکی زخمی ہوگئی۔
تاہم فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج کی بندوق سے گولی غلطی سے نکلی۔ فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کی تفتیش کی جارہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
قابل ذکر ہے کہ سید علی گیلانی نے زمینوں پر فوجی قبضہ کے خلاف ضلع وار تحریک چھیڑی ہے۔ پچھلے جمعہ کو شوپیان میں عوامی ریلی سے خطاب کے بعد آج انہوں نے بارہمولہ میں احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا۔







