آندھرا پردیش کے وزیرِاعلٰی ہیلی کاپٹر حادثےمیں ہلاک

راج شیکھر ریڈی کا ہیلی کاپٹر پہاڑ کی ایک چوٹی پر ملا
،تصویر کا کیپشنراج شیکھر ریڈی نے اپنی پارٹی کو زبردست کامیابی دلائی تھی
    • مصنف, شکیل اختر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی

ہندوستان کی ریاست آندھرا پردیش کے وزیر اعلٰی وائی ایس راج شیکھر ریڈی ہیلی کاپٹر کےایک جادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ ان کی لاش ریاست کے کرنول قصبے سے تقریبآ چالیس کلومیٹر مشرق میں گھنے جنگلوں میں ایک پہاڑ کی چوٹی پر ملی ہے ۔ جائے حادثہ پر ریڈی کے علاوہ چار اور لاشیں ملی ہیں۔ان کا ہیلی کاپٹر گزشتہ چوبیس گھنٹے سے لاپتہ تھا۔

چوبیس گھنٹے کی زبر دست تلاش کے بعد ہندوستان کی فضائیہ کے ہیلی کاپٹروں نے جمعرات کی صبح وزیراعلی کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ تلاش کر لیا ۔ کجھ ہی دیرمیں وہاں کمانڈو اتارے گئے۔ مسٹر ریڈی کی لاش ہیلی کاپٹر سے کچھ دوری پر ملی ۔ ان کے ساتھ دونوں پائلٹ اور ہیلی کاپٹر پر سوار دو اہلکار بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔ ہیلی کاپٹر کا ملبہ مڑا اور بکھرا ہوا تھا ۔ ہیلی کاپٹر کا یہ جادثہ بظاہر خراب موسم کی وجہ سے ہوا ہے۔ پانچوں لاشیں ملبے کے اطراف میں ملی ہیں ۔

راج شیکھر ریڈی کی ہلا کت کی خبر پہنچتے ہی حیدرآباد میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ ان کے دفتر اور رہائش گاہ پر سینکڑوں افراد جمع ہوگئے ہیں۔ جو اپنے غم کا اظہار کر رہے ہیں ۔

وزیر داخلہ پی چدامبرم نے مسٹر ریڈی کی ہلاکت کے بارے میں اب سے کچھ ہی دیر بعد میدیا سے خطاب کرنے والے ہیں ۔

وزیر اعلٰی ریڈی بدھ کی صبح ریاستی دارالحکومت حیدرآبار سے روانہ ہوئے تھے۔ پرواز کے کچھ ہی دیر بعد ہیلی کاپٹر کا رابطہ ٹوٹ گیا تھا اور ان کی تلاش شروع ہو گئی تھی ۔

ان کے ہیلی کاپٹر کی نشاندہی کے بعد بنگلور سے خصوصی کمانڈوز اس مقام پر بھیجے گئے ۔ جنہوں نے اس حادثے کی تصدیق کی ۔ پانچوں لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے حیدرآباد لائی جائی رہی ہیں ۔

ان کی ہلاکت سے حکمران کانگریس کو زبردست نقصان پہنچا ہے ۔ وہ پارٹی کے بہترین وزراء اعلٰی میں شمار کیے جاتے تھے ۔ وہ اپنی غریب حامی پالیسیوں سے ریاست کے غریب عوام میں انتہائی مقبول تھے ۔ وہ گزشتہ دو ریاستی انتخابات میں کامیاب ہو ئے اور حالیہ پارلیمانی انتخابات میں انہوں نے کانگریس کو غیر متوقع کامیابی سے ہم کنار کیا تھا ۔ریاست میں وہ واحد ایسے رہنما تھے جو کانگریس کے مختلف دھڑوں کے مشترکہ نمائندے تھے۔

وزیر اعظم منموہن سنگھ کی رہائش گاہ پر کانگریس کے سینیئر رہنماؤں کی ایک ہنگامی میٹنگ ہوئی ہے جس میں ریڈی کی ناگہانی موت سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے ۔ اس میٹنگ میں وزیراعظم` کے علاوہ ، سونیا گاندھی ، وزیروفاع اے کے انٹونی ، پرنب مکھرجی ، پی چدامبرم اور احمد پٹیل نے شرکت کی۔ پارٹی کے کئی سینیئر رہنما حیدرآباد بھجے گۓ ہیں۔