اروناچل پردیش کے وزیر اعلی کی لاش برآمد

،تصویر کا ذریعہAFP
بھارت کی شمال مشرقی ریاست اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ کی لاش اس دشوار گزار پہاڑی علاقے سے برآمد کر لی گئی ہے جہاں سنیچر کو ان کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا تھا۔
وزیر داخلہ پی چدامبرم نے جمعرات کی صبح کہا ہے کہ جائے حادثہ سے وزیر اعلی ڈورجی کھنڈو اور ایک دیگر شخص کی لاش کو پہلے زمین کے راستے لوگو تھانگ گاؤں لایا گیا اور پھر اسے توانگ منتقل کردیا گیا۔
باقی تین لاشوں کو بھی توانگ لانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ یہ لاشیں حادثے میں بری طرح جھلس جانے کی وجہ سے فوری طور پر قابل شناخت نہیں ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے ہیلی کاپٹر نے توانگ سے دارالحکومت ایٹانگر کے لیے پرواز کی تھی لیکن صرف بیس ہی منٹ بعد اس کی ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
بھارتی فضائیہ اور سکیورٹی فورسز کے جوان پانچ روز تک لاپتہ ہیلی کاپٹر کی تلاش میں لگے رہے لیکن سیٹلائٹس سے مدد لینے کے باوجود اس کا کوئی سراغ نہیں ملا۔
تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کا پتہ مقامی لوگوں نے لگایا۔ بتایا جاتا ہے کہ جہاں یہ ہیلی کاپٹر گرکر تباہ ہوا وہ علاقہ اتنا دور دراز اور دشوار گزار ہے کہ وہاں پہنچنے کے لیے دو دن پیدل چلنا پڑتا ہے۔ یہ علاقہ پندرہ ہزار فٹ کی اونچائی پر چین کی سرحد کے قریب واقع ہے۔
اطلاعات کے مطابق خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے وزیر اعظم منموہن سنگھ اور کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی ایٹانگر جائیں گی۔
بھارت میں اس سے پہلے بھی کئی اہم شخصیات کا فضائی حادثوں میں انتقال ہوا ہے۔ ستمبر دو ہزار نو میں آندھرا پردیش کے وزیر اعلی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کا ہیلی کاپٹر گھنے جنگلات میں حادثے کا شکار ہوگیا تھا۔ ان کی موت کے بعد سے ریاست سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جون انیس سو اسی میں اندرا گاندھی کے بیٹے سنجے گاندھی بھی دلی میں ہی ایک فضائی حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔ وہ خود یہ جہاز اڑا رہے تھے۔
ان کے علاوہ کانگریس کے سینئر لیڈر مادھو راؤ سندھیا، لوک سبھا کے سپیکر جی ایم سی بالایوگی اور سرکردہ صنعت کار اور ہرایانہ کے ریاستی وزیر اوم پرکاش جندل بھی ہیلی کاپٹر کے حادثوں میں ہلاک ہوئے۔







