ریحانہ بستی والا بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی |  |
 | | | بھٹ آج کل سری کرشنا کمیشن سفارشات کے نفاذ کے لیے حکومت پر دباؤ ڈال رہے ہیں |
فلمساز مہیش بھٹ ان کی بیٹی پوجا بھٹ اور بھائی مکیش بھٹ کو انڈر ورلڈ ڈان روی پجاری سے دھمکی ملنے کے بعد پولیس نے انہیں تحفظ فراہم کیا ہے۔ مہیش بھٹ کے دفتر اور ان کے گھر پر مسلح پولیس تعنیات کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق انہیں مہیش بھٹ کے دفتر اور گھر سے پتہ چلا کہ روی پجاری نے انہیں فون پر دھمکی دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ روی پجاری نے پوجا اور مکیش بھٹ کو بھی دھمکایا ہے۔ پولیس کے مطابق روی پجاری نے بھٹ سے دس کروڑ روپوں کا مطالبہ کیا اور مسلمانوں کی حمایت کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔ پجاری نےالزام عائد کیا کہ بھٹ کے مافیا سرغنہ داؤد ابراہیم سے تعلقات ہیں۔ مہش بھٹ نے بنگلور سے بی بی سی کو بتایا کہ ’وہ جو خود کو مافیا سرغنہ کہتا ہے ایک بزدل آدمی ہے اگر اس میں ہمت ہے تو وہ مجھے فون کرے۔اس نے پہلے بھی میرے دفتر پر اس وقت فائرنگ کرنے کی ہمت دکھائی جب میں دفتر میں موجود نہیں تھا۔‘ بھٹ نے روی پجاری کی دھمکی کے جواب میں کہا کہ ’میں اگر مسلمانوں کا ساتھ دیتا ہوں تو یہ میرا دستوری حق ہے۔ میں ان کے ساتھ ان کے حق کی لڑائی لڑ رہا ہوں تو کیا غلط کر رہا ہوں۔اگر کوئی سمجھتا ہے کہ اس طرح جان سے مارنے کی دھمکی دے کر مجھے خاموش کیا جا سکتا ہے تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔‘ مافیا سرغنہ داؤد کا ساتھی کہنے پر بھٹ نے صفائی دی کہ ’یہ سب روی کی رچی ہوئی سازش ہے۔وہ سمجھتا ہے کہ اس طرح وہ پولیس کی ہمدردی حاصل کر لے گا، لیکن ایسا نہیں ہے۔ پولیس کی اپنی اینٹلیجنس ہے جو یہ بات اچھی طرح جانتی ہے کہ کون کس کے ساتھ ہے۔‘ مہیش بھٹ کو اس سے پہلے بھی روی پجاری نے دھمکی دی تھی۔چند نامعلوم حملہ آوروں نے بھٹ کے دفتر پر ہوائی فائرنگ کے ذریعہ بھٹ کو دھمکانے کی کوشش کی تھی۔روی پجاری نے پہلے بھی بھٹ کو مسلمانوں کے لیے لڑائی لڑنے پر دھمکی بھی دی تھی۔ واضح رہے کہ بھٹ آج کل سری کرشنا کمیشن سفارشات کے نفاذ کے لیے حکومت پر دباؤ ڈال رہے ہیں اور انہوں نے مسلمانوں کے وفد کے ساتھ وزیر اعلیٰ ولاس راؤ دیش مکھ سے اس سلسلہ میں ملاقات بھی کی تھی۔
|