 | | | ہیری پوٹر کی آخری کتاب کی اب تک سولہ لاکھ کاپیز انٹرنیٹ پر بُک ہوچکی ہیں |
جادوئی کہانیوں کے مشہور سلسلے ہیری پوٹر کے شائقین سے کہا جا رہا ہے کہ وہ اس قرارداد پر دستخط کریں جس میں مصنفہ جے کے رولنگ سے درخواست کی جا رہی ہے کہ وہ اس سلسلے کے مزید ناول لکھیں۔ اس سلسلے کی اگلا ناول ’ہیری پوٹر اینڈ دی ڈیٹھلی ہالوز‘ اکیس جولائی کو منظر عام پر آ رہا ہے جس کے بارے میں مصنفہ کا کہنا رہا ہے کہ یہ سلسلے کی آخری کتاب ہے۔ قرارداد پیش کرنے والا کتب فروش ادارہ ’واٹر سٹونز‘ پُرامید ہے کہ وہ اپنی ’ہیری پوٹر بچاؤ‘ مہم کے تحت دس لاکھ افراد کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ ان کا خیال ہے کہ شاید یوں مصنفہ کو اپنا فیصلہ بدلنے پر تیار کیا جا سکتا ہے۔ ’ ادارے کے ایک اہلکار وین ونسٹن کا کہنا تھا ’ہم جے کے رولنگ سے یہ نہیں کہہ رہے کہ وہ کل ہی اپنے اگلے ناول پر کام شروع کر دیں۔ ہم صرف یہ کہہ رہے کہ وہ اس امکان کو مکمل طور پر رد نہیں کریں۔‘ مصنفہ یہ راز فاش کر چکی ہیں کہ اس ماہ شائع ہونے والے ناول میں انکے شہرہ آفاق سلسلے کے دو کردار مر جائیں گے اور افواہ یہ ہے کہ ان دو میں سے ایک کردار خود ہیری پوٹر بھی ہو سکتے ہیں۔
 | | | آخری الفاظ لکھتے ہوئے مجھے انتہائی خوشی کے ساتھ ’ شدید صدمہ‘ بھی ہوا: مصنفہ |
واٹر سٹونز میں بچوں کے ادب کے شعبے کے سربارہ مسٹر ونسٹن نے مزید کہا کہ ’ ہیری پوٹر ایک تخیلاتی کردار ہے اس لیے وہ ہمیشہ کے لیے تو نہیں مر سکتا۔ مشہور مصنف سر آرتھر کونن ڈوئل نے اپنے ایک ناول میں شرلک ہومز کو مار دیا تھا لیکن شائقین اور اپنے ناشروں کے برسوں کے اصرار کے بعد انہوں نے اس کردار کو دوبارہ زندہ کر دیا تھا۔ کیا ہیری پوٹر کے معاملے میں ایسا نہیں ہو سکتا؟‘ ہیری پوٹر کی آخری کتاب اب تک سولہ لاکھ کاپیز انٹرنیٹ پر آرڈر ہوچکی ہیں۔ گزشتہ ہفتے جے کے رولنگ نے کہا تھا کہ ’دی ڈیتھلی ہالوز‘ کے آخری الفاظ لکھتے ہوئے انہیں انتہائی خوشی کے ساتھ ’ شدید صدمہ‘ بھی ہوا۔ اس سلسلے کی تازہ ترین فلم ’آرڈر آف دی فینکس‘ کا یورپین پریمیئر لندن میں گزشتہ منگل کو ہوا اور یہ فلم گیارہ جولائی کو دنیا بھر میں نمائش کے لیے پیش کر دی جائے گی۔
|