’رولنگ کی یک طرفہ شہرت‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ناول نگار ٹیری پریچٹ نےشکوہ کیا ہے کہ ’ہیری پوٹر‘ کی مصنفہ جے کے رولنگ کی کامیابی کو دوسرے مصنفوں کے مقابلے میں بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے۔ برطانیہ کےمشہور ناول نگار نے، جن کی کتابوں کی چالیس لاکھ سے زائد کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں، مزید کہا کہ ذرائع ابلاغ جے کے رولنگ کے مقابلے میں تخیلاتی ادب لکھنے والے دیگر مصنفوں کی کامیابیوں کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ یاد رہے ٹیری پریچٹ (Discworld) اور (Monstrous Regiment) جیسے مشہور زمانہ ناولوں کے مصنف ہیں۔ برطانوی اخبار ’سنڈے ٹائمز‘ میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں جے کے رولنگ کے ’ٹائم‘ میگزین کو دیے گئےایک انٹرویو پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹیری پریچٹ نے جے کے رولنگ کے اس بیان پر بھی حیرت کا اظہار کیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اشاعت سے پہلے وہ نہیں جانتی تھیں کہ ہیری پوٹر فینٹسی یا تخیلاتی کہانی ہے۔ ٹائم کو دیے گئے انٹرویو میں ہیری پوٹر کی مصنفہ نے دعوٰی کیا ہے کہ وہ ’تخیلاتی ادب کی دلدادہ‘ نہیں ہیں بلکہ وہ تواس صنف ادب کو بدلنا چاہ رہی تھیں۔ ٹائم میگزین نے یہ بھی لکھا تھا کہ تخیلاتی ادب رومانیت، آئیڈیل ازم، اور امراء کی کہانیوں میں پھنس چکا تھا اورجے کے رولنگ نے اسے بدلا ہے۔ لیکن چونتیس سال قبل اپنا پہلا تخیلاتی ناول لکھنے والے ٹیری پریچٹ نے اپنے مضمون میں اس بات سے بھی اختلاف کیا ہے۔ اُن کے مطابق ادب کی اس صنف میں نئے تجربات پہلے بھی ہو چکے ہیں۔ پریچٹ کے مطابق جب سے ’لارڈ آف دی رنگ‘ نامی کتاب نے اس صنف کو دوبارہ زندہ کیا اور بعد میں کئی مصنف اس میں اپنے عہد کے مطابق تبدیلیاں کرتے رہے ہیں۔
ہیری پوٹر کے تخیلاتی ہونے کے بارے میں جے کے رولنگ کے بیان کو مزید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ٹیری پریچٹ نے لکھا ہے ’اگرچہ میں عظیم ترین نقاد ہونے کا دعوٰی نہیں کرتا لیکن اتنا ضرور جانتا ہوں کہ جب کسی کہانی میں بھوتوں، چڑیلوں، جادوئی دنیاؤں، چاکلیٹ سے بنے اُڑتے مینڈکوں، الؤوں کے ہاتھ ڈاک بھیجنے اور جادو منتروں کی بھرمار ہوگی تو کیا مصنف کو پتا نہیں ہوگا کہ وہ تخیلاتی ادب لکھ رہا ہے۔ واضح رہے کہ جے کے رولنگ کے سلسلے ہیری پوٹر کی حال ہی میں شائع ہونے والی کتاب (Harry Potter and Half-blood Prince) کی صرف پہلے دن امریکہ اور برطانیہ میں نوے لاکھ کاپیاں فروخت ہوئیں۔ اتوار اکتیس جولائی کو جے کے رولنگ نے اپنی چالیسویں سالگرہ بھی منائی۔ مصنفہ نے اپنے شہرہ آفاق کردار ہیری پوٹر کو بھی اکتیس جولائی کی تاریخ پیدائش دے رکھی ہے۔ اسی لیے آج اپنی ویب سائٹ پر جے کے رولنگ نےلکھا ہے ’ہیپی برتھ ڈے ہیری پوٹر‘۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||