 | | | ڈیمیئن ہرسٹ کی یہ تخلیق تخمینے سے تین گنا زیادہ قیمت پر نیلام ہوئی |
ڈیمئن ہرسٹ کی’میڈیسن کیبنٹ‘ کی 9.65 ملین پونڈ میں نیلامی سے کسی زندہ یورپی فن کار کے مہنگے ترین فن پارے کا ریکارڈ صرف دو دن بعد ہی ٹوٹ گیا ہے۔ یاد رہے کہ بدھ کو کرسٹی آکشن ہاؤس میں لوشیاں فرائیڈ کا بنایا ہوا ایک پورٹریٹ سات اعشاریہ آٹھ ملین پاؤنڈ میں فروخت ہوا تھا۔ ڈیمیئن ہرسٹ کی تخلیق کو ایک نجی خریدار نے تخمینے سے تین گنا زیادہ قیمت پر خریدا۔اس نیلامی میں ہرسٹ کے بعد دوسرے نمبر پر امریکی جسپر جانز رہے جن کے ’فگر 4‘ نامی شاہکار کی بولی آٹھ اعشاریہ سات ملین پونڈ لگی۔ تاہم جانز کے پاس اب بھی دنیا بھر کے زندہ مصوروں میں سے مہنگے ترین ہونے کا اعزاز موجود ہے۔ جسپر جانز کو یہ اعزاز اس وقت ملا تھا جب ان کے ایک فن پارے کو نجی طور پر چالیس ملین پونڈ میں خریدا گیا تھا۔ لندن میں فن پاروں کی اس حالیہ نیلامی میں متعدد فن پارے تخمینے سے زیادہ قیمت پر فروخت ہوئے۔ لوشیاں فرائیڈ کے بنائے ہوئے پورٹریٹ کی سات اعشاریہ آٹھ ملین پاؤنڈ میں فروخت کے علاوہ کلاڈ مونے کی ’واٹر للی پینٹگ‘ پندرہ ملین پونڈ کے تخمینے کے مقابلے میں اٹھارہ اعشاریہ پانچ ملین پونڈ میں نیلام ہوئی تھی۔ اس کے علاوہ فرانسس بیکن کا 1978 میں بنایا گیا ایک سیلف پورٹریٹ جس کی قیمتِ فروخت کا تخمینہ بارہ ملین پونڈ لگایا گیا تھا،ساڑھے اکیس ملین پونڈ میں نیلام ہوا تھا۔ |