آسکرز کے فاتحین کا اعلان جلد | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہالی وڈ کے مشہور اکیڈمی ایوارڈز کی، جنہیں دنیا آسکرز کے نام سے زیادہ جانتی ہے، نواسیویں تقریب تقسیم انعامات کچھ ہی دیر میں شروع ہوا چاہتی ہے۔ دنیا میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے پروگراموں میں سے ایک، آسکرز کی یہ تقریب ہالی وڈ کے مشہور کوڈک تھیٹر میں ہو رہی ہے۔ برطانیہ کی ڈیم ہیلن مرن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ انہیں ملکہ الزبتھ دوئم کے بارے میں بننے والی ایک فلم ’دی کوئین‘ میں زبردست اداکاری کی بنیاد پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ مل سکتا ہے۔ تاہم ہسپانوی اداکارہ پنیلوپی کروز کا کہنا ہے کہ وہ سٹے بازوں کی تمام پیشن گوئیوں کو غلط ثابت کرتے ہوئے ہیلن مرن کی بجائے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہو جائیں گی۔ کروز کو فلم ’وولور‘ میں ادکاری کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ بہترین اداکارہ کے ایوارڈ کے لیے نامزد باقی تین اداکارائیں جوڈی ڈینچ، میرل سٹرپ اور کیٹ ونسلٹ ہیں۔ بہترین اداکار کے ایوارڈ کے لیے فلم لاسٹ کنگ آف سکاٹ لینڈ میں یوگنڈا کے سابق ڈکٹیٹر عیدی امین کا کردار ادا کرنے والے فارسٹ ویٹیکر فیورٹ ہیں، جبکہ نامزد ہونے والے دیگر اداکاروں میں لیونارڈو ڈی کیپریو، ول سمتھ، رائن گوزلنگ اور پیٹر اوٹول شامل ہیں۔
مارٹن سکورسیز کے بارے میں ،جو کہ اس سے قبل پانچ مرتبہ بہترین ہدایتکار کے لیے نامزد ہو چکے ہے، بہت لوگوں کو امید ہے کہ اس مرتبہ ’دی ڈیپارٹڈ‘ کی ہدایتکاری کی بنیاد پر بالآخر یہ ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ بہترین فلم کے شعبے میں ڈیپارٹڈ کے علاوہ بیبل، دا کوئین، لیٹرز فرام آئیو جیما اور لٹل مس سن شائن کو نامزد کیا گیا ہے۔ لٹل مس سن شائن میں کام کرنے والی دس سالہ ابیگیل بریسلن کو بہترین معاون اداکارہ کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ وہ آسکر کے لیے نامزد ہونے والی سب سے کم عمر اداکارہ ہیں۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بریسلن کا کہنا تھا کہ وہ اس تقریب میں شامل ہونے پر بہت خوش ہیں۔ ’میں اس تقریب کو ہر سال ٹی وی پر دیکھتی تھی اور اس دفعہ میں اس میں شریک ہوں ۔۔۔ یہ واقعی ایک شاندار بات ہے‘۔ امریکی مزاحیہ اداکارہ اور میزبان ایلن ڈی جینرس آسکر ایوارڈ کی تقریب کی میزبانی کریں گی۔ وہ ووہپی گولڈ برگ کے بعد دوسری خاتون ہیں جو اس تقریب کی تنہا میزبانی کریں گی۔ ایوارڈ پیش کرنے والوں میں نکول کڈمین اور ریز ویدرسپون جیسی آسکر ایوارڈ یافتہ اداکاراؤں کے علاوہ جیمز بانڈ فلموں کے نئے ہیرو ڈینیئل کریگ بھی شامل ہیں۔
بھارتی نژاد کینیڈین ہدایتکارہ دیپا مہتہ کی فلم ’ واٹر‘ غیر ملکی زبان میں بننے والی بہترین فلم کے لیے آسکر ایوارڈ کی دوڑ میں ہے۔ اس مقابلے میں باقی چار فلموں کا تعلق ڈنمارک، جرمنی، میکسیکو اور الجزائر سے ہے۔ بی بی سی نیوز کی طرف سے انٹرنیٹ کے ذریعے کرائے گئے ایک سروے کے نتائج کے تحت بہترین اداکارہ کے لیے ہیلن مرن، بہترین اداکار کے لیے فارسٹ ویٹیکر، بہترین ہدایتکار کے لیے مارٹن سکورسیز اور بہترین فلم کے لیے دی ڈیپارٹڈ فیورٹ ہیں۔ | اسی بارے میں آسکر دوڑ میں عراق کی فلمیں08 February, 2007 | فن فنکار ’رنگ دے بسنتی‘ آسکرز سے باہر17 January, 2007 | فن فنکار جعلی آسکر ایوارڈ، نیلامی رک گئی05 August, 2006 | فن فنکار ’لگے رہو منا بھائی‘ بھی آسکر میں 29 September, 2006 | فن فنکار دی ایوی ایٹر آسکر دوڑ میں آگے 25 January, 2005 | فن فنکار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||