BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Sunday, 24 September, 2006, 11:43 GMT 16:43 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
’دِل اپنا پنجابی‘ بازی لے گئی

ہربھجن مان اور نیرو باجوہ
ہربھجن مان اور ہدایتکار منموہن سنگھ اس سے پہلے بھی کامیاب پنجابی فلمیں دے چکے ہیں
’دِل اپنا پنجابی‘ کو برطانیہ میں ڈِسٹری بیوٹر باکس آفس پر اب تک کی سب سے کامیاب پنجابی فِلم قرار دے رہے ہیں۔

برطانیہ میں ڈسٹریبیوٹر پرناب مکھرجی اور شبیر احمد نے بتایا کہ پہلے تین ہفتوں میں ’دِل اپنا پنجابی‘ نے باکس آفس پر زبردست کاروبار کیا ہے اور امید ظاہر کی کہ وہ دو لاکھ پاؤنڈ کا ہدف حاصل کر لے گی۔

شبیر احمد نے بتایا کہ ’دِل اپنا پنجابی‘ نے کینیڈا اور ہندوستان میں بہت کامیاب بزنس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف نو یا دس پرنٹ کے ساتھ کسی فِلم کا اتنا بزنس کرنا بڑی کامیابی ہے۔ فِلم کے ہدایتکار اور لکھاری منموہن سنگھ ہیں اور ہیرو اور ہیروئن کا کردار ہربھجن سنگھ اور نیرو باجوہ نے ادا کیا ہے۔ گرپریت گھوگی نے مزاحیہ اداکاری کے زبردست جوہر دکھائے ہیں۔

’دِل اپنا پنجابی‘ ایک لحاظ سے ایک روایتی جنوبی ایشیائی فِلم ہے جو فیملی ڈرامہ ہے اور ایک لڑکے لڑکی کے پیار کے گرد گھومتی ہے لیکن جو چیز اسے اکثر ہندی، اردو اور پنجابی فلموں سے ممتاز کرتی ہے وہ اس فِلم میں تناؤ کی عدم موجودگی ہے۔

بہترین کامیڈی
 ہمیں کامیڈی بہت پسند آئی۔ سب سے اچھی بات یہ لگی کہ فِلم میں کوئی ننگ دھڑنگ نہیں تھا اور کوئی شور شرابہ نہیں تھا
فلم بین امرجیت سنگھ
ایک سو اور چھیاسٹھ منٹ کی اس فِلم میں ایک بھی لڑائی کا منظر نہیں، کرداروں کے درمیان اوّل تو کوئی زیادہ غلط فہمی پیدا نہیں ہوئی اور اگر ہوئی بھی تووہ انتہائی خوش اسلوبی سے طے پا گئی۔ کسی کردار نے کسی کو دھوکہ نہیں دیا، بدتمیزی نہیں کی، کوئی کسی سے اونچا نہیں بولا اور کسی نے بڑھک نہیں ماری۔ کامیڈی نے فِلم کو شروع سے آخر تک سنبھالے رکھا۔

فِلم کے سیٹ اور کرداروں کا بناؤ سنگھار حقیقت کے بہت قریب تھے۔ ہیروئن کو کھیتوں میں ناچنا گانا نہیں پڑا۔ پوری فِلم میں یا وہ کالج میں موجود ہے یا ہیرو سے موبائل پر بات کر رہی ہے۔ ایک گانے میں اس کی تین یا چار منٹ کی حاضری دکھائی گئی ہے اور ایک بار خواب میں اسے ہیرو کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔

فِلم میں اگر کوئی چیز غیر حقیقی تھی تو معاملات کا خوش اسلوبی سے طے ہونا تھا اور شاید فلم ساز یہی پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ باتیں جو پنجابی معاشرے میں بڑے جھگڑوں کا باعث بنتی ہیں در اصل اتنی بڑی نہیں ہوتیں۔

فِلم میں کوئی موڑ نہیں۔ کہانی بالکل سیدھی چلتی ہے۔ جاگیرداروں کی حویلی میں ایک دادا ہیں جن کے بیٹوں یا پوتوں میں جائداد کا جھگڑا نہیں ہوتا، ایک پوتے کو ایک پروفیسر کی لڑکی سے پیار ہوتا ہے جو رشتے پر بھی راضی ہوتا ہے لیکن لڑکے کا اپنا باپ ہی انہیں بتاتا ہے کہ ان کا بیٹا تو نکما ہے اور رشتہ نہیں ہو سکتا۔ اس پر باپ بیٹے میں ناراضی پیدا نہیں ہوتی بلکہ بیٹا اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کا عزم لیئے گھر سے چلا جاتا ہے اور جاتے ہوئے باپ سے آشیرباد لیتا ہے۔ ہیرو ایک اچھا گلوکار ہے اور یہی صلاحیت اس کے کام آتی ہے۔

گھر سے نکل کر بے یارو مددگار ہیرو ایک پروموٹر سے ملتا ہے جسے وہ ایک بار پہلے اپنے گھر سے بے عزت کر کے نکال چکا ہوتا ۔ پرومووٹر اس بات کو بھولا نہیں ہوتا لیکن وہ اس بات کو دِل سے نہیں لگاتا اور اسے بڑے سٹائل سے ایک دستاویز پر دستخط کے لیئے کہتا ہے۔ آپ کو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہیرو کی کامیابی کے بعد پروموٹر اسی دستاویز کی بنیاد پر اس کا استحصال کرے گا لیکن وہ دونوں کامیابی سے مِل کر کام کرتے ہیں اور کہانی بغیر کسی رکاوٹ کے آگے بڑھتی چلی جاتی ہے۔

ہیرو جب برطانیہ سے کامیاب ہو کر وطن واپس پہنچتا ہے تو ہیروئن کی منگنی کی تقریب ہو رہی ہوتی لیکن اس کا منگیتر صورتحال کو بھانپتے ہوئے اپنی انگوٹھی یہ کہہ کر ہیرو کو دے دیتا ہے کہ وہ شادی کرنے آیا تھا کسی کا دِل توڑنے نہیں۔ منگیتر کا باپ ہیرو اور ہیروئن کو کامیاب ازدواجی زندگی کے لیئے آشیرباد دیتا ہے۔

فِلم دیکھنے کے لیئے آئے ہوئے امرجیت سنگھ اور ان کے ساتھیوں نے بتایا کہ انہیں کامیڈی بہت پسند آئی۔ امرجیت سنگھ نے کہا کہ انہیں سب سے اچھی بات یہ لگی کہ فِلم میں کوئی ’ننگ دھڑنگ نہیں تھا اور کوئی شور شرابہ نہیں تھا‘۔

اسی بارے میں
اجوکا کی جموں میں پذیرائی
22 February, 2005 | فن فنکار
میڈم نورجہاں کے کئی رنگ
21 December, 2005 | فن فنکار
بیرونی لِنک
بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد