شیکسپیئر اِن کابل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انگریزی زبان کے شاعر اور ڈرامہ نویس ولیم شیکسپیئر کا ایک کھیل ’Love's Labour's Lost‘ کابل میں دری زبان میں پیش کیا گیا ہے۔ افغانستان میں طالبان حکومت کے خاتمے کے بعد سٹیج پر دکھایا جانا والا یہ پہلا ڈرامہ ہے۔ ڈرامہ نویس عزیز الیاس کے مطابق تھیٹر ٹیلی ویژن سے زیادہ مقبول ہے لیکن طالبان کے دور حکومت میں اس کی اجازت نہیں تھی۔ شیکسپیئر کا کھیل کابل میں پانچ روز تک دکھایا گیا اور اسے برٹش کونسل کے تعاون سے پیش کیا گیا تھا۔ برٹش کونسل کی میلکم جارڈین نے بتایا کہ شیکسپیئر کا یہ کھیل ایسے مشکل حالات میں جنم لینے والی عشق کی ایک داستان کے بارے میں ہے جو افغانستان یا دیگر مسلم ممالک میں پائے جاتے ہیں۔ دریں اثناء بین الاقوامی ترقی کے بارے میں ایک امریکی ایجنسی مستقبل میں ہونے والے انتخابات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے دیہاتی علاقوں میں ڈرامے کروا رہی ہے۔ شیکسپیئر کے کھیل میں افغان کردار ہیں اور اس میں افغانستان کے علاقے ہی دکھائے گئے ہیں۔ منصوبے کے رابطہ کار سٹیون لینڈریگن نے کہا کہ شیکسپیئر انسانی تجربات کے بارے میں لکھتے ہیں اور ان کا کام عالمی نوعیت کا ہے جسے کسی بھی ماحول میں ڈھالا جا سکتا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||