ریحانہ بستی والا بمبئی |  |
 |  منا بھائی کی دوسری قسط بھی بنائی جا رہی ہے |
منا بھائی ایم بی بی ایس کی شہرت ہالی وڈ تک پہنچ گئی اور اب اسے ہالی وڈ کی ’فاکس موویز‘ نے انگریزی میں بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ فلم کے پروڈیوسر ودھو ونود چوپڑہ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات صرف ان کے لیے ہی نہیں بلکہ بولی وڈ کے لیے بھی باعث فخر ہے کہ پہلی مرتبہ بالی وڈ کی کسی فلم کو ہالی وڈ نے اپنایا ہے ۔اب تک یہی ہوتا آیا تھا کہ بالی وڈ کہانیوں کے لیے ہالی وڈ کی فلموں کا چربہ اپناتے تھے۔ منا بھائی ایم بی بی ایس ودھو ونود چوپڑہ کی بہترین فلموں میں سے ایک تھی جس میں ہیرو یعنی سنجے دت ایک چھوٹا غنڈہ ہے جو سپاری لے کر ہاتھ پیر توڑتا اور لوگوں کو دھمکاتا ہے ۔ اپنے باپ کے ساتھ کی گئی بے عزتی کا بدلہ لینے اور بچپن کی محبت کو حاصل کرنے کے لیے وہ ڈاکٹر بننے کی کوشش کرتا ہے اور فلم کی کہانی اسی نکتہ سے آگے بڑھتی ہے۔
 |  منا بھائی ایم بی بی ایس میں منا بھائی کا کردار سنجے دت نے ادا کیا تھا |
فلم 2004 میں نمائش کے لیے پیش ہوئی تھی اور اُس سال کی سپر ہٹ فلم تھی۔منا بھائی کے کردار کے ساتھ ارشد وارثی کا کردار ’سرکٹ‘ بھی کافی مقبول ہوا تھا ۔فلم میں ہسپتال کے ڈین کو ماموں کہا گیا تھا اور آج بھی ممبئی کےجس ہسپتال میں اس فلم کی شوٹنگ ہوئی تھی اس ہسپتال کے اکثر طالب علم ڈین اور اپنے لیکچرار کو چپکے سے ماموں کہہ کر بھاگ جاتے ہیں۔ فلم کی اسی کہانی کو لے کر فلم بنائی جا رہی ہے لیکن اس فلم کے ہیرو کرس سلیٹر CHRIS SLATER ہوں گے۔ فلم کی ہدایت البتہ راجو ہیرانی کے بجائے میرا نائر کی ہو گی۔ چوپڑہ اس فلم کے معاون پروڈیوسر ہوں گے۔ چوپڑہ اس وقت امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں ہیں جہاں وہ فلم کے معاہدہ پر دستخط کریں گے۔ اس فلم کا نام گینگسٹر ایم ڈی ہو گا۔ چوپڑہ اپنی اس فلم کا سیکوئیل بھی بنا رہے ہیں جس کا نام انہوں نے منا بھائی ایم ایم جی رکھا ہے یعنی منا بھائی میٹ مہاتما گاندھی۔ |