 |  جعلی فلموں میں نئی فلمیں بھی شامل ہوتی ہیں |
ہالینڈ کے شہر روٹرڈیم میں پولیس نے چھاپے مار کر بالی وڈ فلموں اور موسیقی کی ایک لاکھ چالیس ہزار جعلی سی ڈیز اور ڈی وی ڈیز برآمد کی ہیں۔ خیال کیا جارہا ہے کہ ان میں سے زیادہ تر کاپیاں یا نقلیں پاکستان میں بنائی گئی ہیں جو دنیا میں پائیریٹڈ سی ڈیز اور ڈی وی ڈیز بنانے والے ملکوں میں سرفہرست ہے۔ پولیس کا خیال ہے کہ یہ ڈسکس ہوائی جہازوں کے ذریعے ہالینڈ پہنچائی گئیں ہیں کیونکہ ایک دکان پر چھاپے میں خالی سوٹ کیس بھی برامد ہوئے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق پاکستان سے ہر ماہ تیرہ ملین پائیریٹڈ ڈسکس بیرون ملک بھیجی جاتی ہیں۔ ہالینڈ کی پولیس نے پاکستانی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ پائیریسی کے خلاف سخت قانونی اقدامات کریں۔ اس سے پہلے برطانیہ میں انڈین فلموں کی جعلی ڈی وی ڈی فروخت کرنے والے ڈسٹری بیوٹر کو تین سال جیل کی سزا ہو چکی ہے۔ جیانتی امریشی بہیچہ کا تعلق کیمبریج سے تھا۔ انہیں گزشتہ ماہ ٹریڈ مارک کی خلاف ورزیوں کا مرتکب پایا گیا تھا انہیں لندن میں ہیرو کراؤن کورٹ نے سزا سنائی۔ بہیچہ نے جعلی ڈی وی ڈی بیچ کر ہر ماہ چھبیس ہزار پاؤنڈ کمائے۔ جج نے انہیں برطانیہ میں انڈین فلموں کا سب سے بڑا جعلساز قرار دیا۔ |