بالی ووڈ کا جعلساز، لندن میں قید | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
برطانیہ میں انڈین فلموں کی جعلی ڈی وی ڈی فروخت کرنے والے ڈسٹری بیوٹر کو تین سال کے لیے جیل بھیج دیا گیا ہے۔ جیانتی امریشی بہیچہ کا تعلق کیمبریج سے ہے۔ انہیں پچھلے مہینے ٹریڈ مارک کی خلاف ورزیوں کا مرتکب پایا گیا تھا اور منگل کو لندن میں ہیرو کراؤن کورٹ نے انہیں اس جرم میں سزا سنائی۔ بہیچہ نے جعلی ڈی وی ڈی بیچ کر ہر ماہ چھبیس ہزار پاؤنڈ کمائے۔ جج نے انہیں برطانیہ میں انڈین فلموں کا سب سے بڑا جعلساز قرار دیا۔ اس مقدمہ کو تکمیل تک پہنچانے کے لیے دو سال کا عرصہ لگا۔ تاہم مقدمہ کی کارروائی سات روز میں نمٹا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق یہ جعلی ڈی وی ڈیز پاکستان اور ملائشیا میں تیار کی جاتی تھیں۔ بہیچہ کو دسمبر دو ہزار دو میں روک کر جب ان کی کار کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے ایک ہزار جعلی ڈی وی ڈیز اور جعلی ٹریڈ مارکس برآمد ہوئے۔ اگرچہ وہ ضمانت پر رہا کیے گئے تھے لیکن دو ہزار تین میں انہیں پھر جعلی مواد سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ بہیچہ پہلے بالی ووڈ میں بننے والی فلموں کی ڈی وی ڈیز کا قانونی کاروبار کرتے تھے۔ لیکن اس عرصے میں وہ جعلی ڈی وی ڈی بیچنے کا دھندا کرنے لگے۔ سب سے پہلے وہ اس وقت پکڑے گئے جب وہ فلم ’محبتیں‘ کی جعلی کاپیاں فروخت کر رہے تھے۔ برطانیہ میں جعلی فلموں کے خلاف مہم چلانے والے نے عدالتی فیصلہ کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||