جیکسن مقدمہ پر میڈیا کی توجہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
مشہور پاپ گلوکار مائیکل جیکسن پر عائد مقدمے کی جیوری کا انتخاب کیلیفورنیا میں پیر کو ہو رہا ہے۔ اس موقع پر مائیکل جیکسن بھی عدالت میں موجود ہوں گے۔ دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ اس موقع پر سانتا ماریا میں جمع ہو رہے ہیں۔ عدالت کے آس پاس کے علاقے نے ’میڈیا ویلیج‘ کی صورت اختیار کر لی ہے۔ یہ منظر کچھ اس قسم کا ہے جب اوجے سمپسن مقدمے میں ذرائع ابلاغ نے اسی طرح کی کوریج کی تھی۔ این بی سی نیٹ ورک کے ایک نمائندے ایڈ نیوجنٹ نے بتایا کہ ’ یہ ایک بڑا واقعہ ہے اور این بی سی کے چودہ کیمرے اس موقع پر موجود ہوں گے۔‘ مقدمے میں لوگوں کی دلچسپی سے مقامی کاروباری افراد کو بھی فائدہ ہو رہا ہے۔ پراپرٹی کا کام کرنے والے افراد کی چاندی ہوگئی ہے اور وہ منہ مانگی قیمتوں پر رہائش گاہیں کرائے پر دے رہے ہیں۔ جیسے جیسے سماعت کا دن قریب آئے گا مزید رپورٹر اور کیمرہ مین علاقے میں آنا شروع کر دیں گے۔ذرائع ابلاغ کے ایک نمائندے کا کہنا تھا کہ ’ یہ ایک سرکس کی مانند ہوگا اور لوگ بڑی تعداد میں یہاں آئیں گے۔ مجھے نہیں پتا کہ لوگوں کی دلچسپی کس چیز میں ہے میرے لیے تو یہ میری نوکری ہے‘۔ 2004 میں ابتدائی سماعت کے بعد مائیکل جیکسن پر عوام کے سامنے کی جانے والی حرکات پر تنقید کی گئی تھی۔ سانتا ماریا کی پولیس کے سربراہ ڈین مکیگنی کا کہنا تھا کہ’ ہم نے ماضی کے واقعات سے سبق سیکھ لیا ہے اور ہم ہر قسم کے واقعات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’ ہم مائیکل کی سکیورٹی ٹیم سے رابطے میں ہیں۔ اور ہم ان سے بات کر رہے ہیں کہ مائیکل اپنی گاڑی میں ہی رہے۔ ہمارا کام اسے بحفاظت عدالت میں لانا اور واپس لے جانا ہے۔ اگر وہ ہماری بات مان لے تو سب چیز صحیح طریقے سے ہو گی‘۔ اس پیشی کے موقع پر سخت سکیورٹی کا انتظام کیا گیا ہے۔ شائقین کو دور رکھنے کے لیے باڑ بھی لگائی گئی ہے۔ پولیس کو توقع ہے کہ پانچ ہزار کے قریب شائقین عدالت کے باہر موجود ہوں گے۔ عدالت کی کارروائی کے دوران حفاظتی انتظامات پر سات ہزار ڈالر یومیہ خرچ آئے گا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||