’اسلام کامنفی امیج دکھایا جارہا ہے‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایک برطانوی مسلم گروپ نے ٹی وی ڈرامہ سیریز’ 24 ‘ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں اسلام کے امیج کو غیر منصفانہ طریقے سے پیش کیا گیا ہے۔ یہ ڈرامہ سیریز سکائی ون چینل سے ہر اتوار کو نشر کی جائے گی۔ برطانیہ میں مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم مسلم کونسل آف برٹن نے نشریات کی نگرانی کرنے والے ادارے ’آف کام‘ سے باقاعدہ طور پر شکایت کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ پروگرام اداریاتی ضوابط کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ گروپ کے ارکان نے ڈرامے کی پہلی پانچ اقساط کا تعارفی پروگرام دیکھنے کے بعد منگل کو سکائی ٹی وی کے حکام سے بھی ملاقات کی تھی۔ اس سیریز میں ایک مسلمان خاندان کو ایک دہشتگردی کا سیل چلاتے دکھایا گیا ہے۔ مسلم کونسل آف برٹن نے اپنے بیان میں کہا ہے ’ڈرامے میں جس غیر متوازن انداز میں مسلمانوں کی عکاسی کی گئی ہے اس جس طرح کا دشمنی پر مبنی رویہ دکھایا گیا ہے اس پر ہمیں شدید تشویش ہے‘۔ ’ڈرامے کی کہانی میں کوئی ایک مسلمان کردار بھی مثبت نہیں دکھایا گیا۔ ایک ایسے وقت پر جب دنیا بھر میں مسلمانوں کی ساکھ بگاڑی جارہی ہے اور غلط کردار کو ان سے منسوب کیا جارہا ہے، ہمیں احساس ہوا ہے کہ ایک ذمہ دار نشریاتی ادارے کے طور پر سکائی ٹی وی کو ایسے خیالات کو ہوا دینے کے بجائے اپنی ذمہ داری محسوس کرنی چاہیے‘۔ تاہم سکائی ٹی وی نے ان الزامات کو رد کیا ہے۔ ادارے کے ایک ترجمان کا کہنا ہے ’ ایک اجلاس کے دوران ہم نے کونسل کے نمائندوں کے تحفظات سنے ہیں۔ تاہم سکائی ٹی وی کسی بھی اداریاتی ضابطے کی خلاف ورزی نہیں کررہا‘۔ یہی سیریز ایک امریکی چینل فاکس ٹی وی امریکہ میں نشر کررہا ہے تاہم مسلم حلقوں کی جانب سے اعتراضات کے بعد اب چینل پر ایسے عوامی اعلانات جاری کیے جارہے ہیں جن میں مسلمانوں کے مثبت امیج کو اجاگر کیا جارہا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||