 |  کلنٹ ایسٹ وڈ بہترین ہدایتکار قرار پائے |
گولڈن گلوبز ایوارڈز کی تقریب میں ویٹرن ڈائریکٹر مارٹن سورسیز کی ’دی ایوی ایٹر‘ کو بہترین فلم ڈرامہ اور مزاحیہ فلم ’سائڈویز‘ کو بہترین مووی میوزیکل یا مزاحیہ فلم کا ایوارڈ ملا ہے۔ اداکار اور ہدایتکار کلنٹ ایسٹ وڈ کو ان کی فلم ’ملین ڈالر بے بی‘ پر بہترین ہدایتکار کا ایوارڈ دیا گیا۔ لی یونارڈو ڈیکیپریو کو ’دی ایوی ایٹر‘ میں اداکاری پر بہترین اداکار اور ہلری سوینک کو ’ملین ڈالر بے بی‘ پر بہترین اداکارہ کے ایوارڈز دیے گئے۔ اداکار کلائیو اووین اور نتالے پورٹمین کو بہترین معاون اداکار اور ادکارہ کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ ان کو یہ ایوارڈز مزاحیہ ڈرامہ ’کلوزر‘ پر ملے۔ برطانوی اداکار اووین کے مقابلے میں اداکار جیمی فوکس اور مارگن فریمین تھے جبکہ پورٹمین کے مدِمقابل اداکاراؤں کی صف میں کیٹ بلانشے بھی تھیں۔
 |  ’دی ایوی ایٹر‘ میں بہترین اداکاری پر ایوارڈ |
ایننٹ بیننگ کو ’بیئنگ جولیا‘ میں اداکاری پر مزاحیہ کیٹیگری میں سب سے بہتر اداکارہ کا ایوارڈ ملا۔ جبکہ ہسپانوی فلم ’دی سی ان سائڈ‘ کو بہترین غیر ملکی فلم کا ایوارڈ ملا۔’ایوی ایٹر‘ کو چھ ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا تھا جبکہ ’کلوزر‘، ’فائنڈنگ نیورلینڈ‘ اور ’ملین ڈالر بے بی‘ پانچ پانچ ایورڈز کی کیٹیگری میں نامزد تھے۔ گولڈن گلوبز ایوارڈز ہالی وڈ کی فارن پریس ایسوسی ایشن کے 93 رکنی کمیٹی دیتی ہے اور ان کے متعلق عام طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ انہی سے ہی یہ پتہ چلتا ہے کہ آسکر کے لیے کون کون سی فلمیں نامزد کی جائیں گی۔
|