سودیس کچھ کچھ اچھی اور کچھ۔۔۔ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
آشوتوش گواریکر کی فلم ’سودیس‘ لگان کی طرح باکس آفس پر کوئی دھوم نہیں مچا سکی لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ فلم میں کسی طرح کی ریسرچ یا اس کی تکنیک میں کوئی جھول ہے۔ یہ فلم ایک ایسے ہندوستانی نژاد سائنسدان کی ہے جو ناسا کے لئے کام کرتا تھا اور ایک نئی امنگ کے ساتھ اپنی جڑوں کو واپس لوٹتا ہے۔ فلم کے ہدایتکار آشوتوش گواریکر کا کہنا ہے کہ لوگ یہ فلم شاہ رخ خان کی وجہ سے دیکھنے نہیں آ رہے ہيں بلکہ اس کی وجہ فلم کا نیا اور اہم موضوع ہے۔ یہ فلم بیرونی ممالک میں مقیم ہندوستانیوں کی وطن واپسی کی خواہش کی عکاسی کرتی ہے۔ اور ساتھ ہی دیہاتی علاقوں کے مسائل کو اجاگر کرتی ہے۔ آشوتوش کی رائے میں یہ ایک دستاویزی فلم ہے جس میں شاہ رخ خان کو کاسٹ کرنے کا مقصد لوگوں کی بھیڑ جمع کرنا ہے۔ رہی بات بالی ووڈ بادشاہ شاہ رخ خان کی تو شاید انہیں اس فلم کی ناکامی یا کامیابی سے بہت زیادہ فرق نہ پڑے۔ ان کی پچھلی پانچ فلمیں مسلسل کامیاب رہی ہیں اور ویسے بھی اب وہ دوبئی میں ایک آئی لینڈ پر گھر خریدنے کی پلانگ میں ہیں۔ انہیں آم کھانے سے مطلب ہے پیڑ گننے میں انکی کوئی دلچسپی نہیں۔ خبر ملی ہے کہ محترمہ پرینکا چوپڑہ فلم ’اعتراض‘ میں نگیٹو رول کرنے کے بعد کچھ زیادہ ہی محتاط ہوگئی ہیں۔ اور اب وہ ایسے رول سے دور رہنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ وہ چاہتی ہیں کہ لوگوں کے سامنے ان کی مثبت ایمیج ہی برقرار رہے۔ ایک خبر کے مطابق سبھاش گھئی نے اپنی نئی فلم میں انہیں ایک نگیٹو رول کی پیشکش کی ہے جس کو ستیش کوشک ڈائریکٹ کریں گے۔ لیکن پرینکا نے سبھاش سے کہہ کر رول کو مثبت شکل دینے کا مطالبہ کیا جس کو منظور بھی کر لیا گیا۔ چلیئے شکر ہے کہ پرینکا کو بروقت ہوش آگیا ورنہ وہ اکشے کمار اور ٹونکل کھنہ کے درمیان وہ ’دوسری‘ عورت کے کردار میں خاصی مشہور ہو چکی تھیں۔ مشہور ہے کہ ’جب جاگے تب سویرا‘۔ وکرم بھٹ کی نئی فلم ’اعلان‘ کے پروموز کو دیکھ کر فلم کا اندازہ لگایا جائے تو یہی کہا جا سکتا ہے کہ یہ نئی بوتل میں پرانی شراب کے مترادف ہے۔ فلم میں اگر کچھ نیا ہے تو وہ ہیں متھن چکرورتی ایک نگیٹو رول میں۔ اب متھن دادا کا کہنا ہے کہ اسے فلموں میں ان کی واپسی نہ کہا جائے۔ بس ذرا وہ رول سوچ سمجھ کر قبول کر رہے ہیں۔ اس کردار میں انہیں کچھ نیا پن نظر آیا۔ اس لئے وہ یہ رول کرنے کے لئے تیار ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ بالی وڈ کے دوسرے ویلنز کی طرح شرابی، جواری یا طوائفوں کے پاس جانے والے روایتی ولین نہیں ہوں گے بلکہ اس رول میں لوگ انہیں ایک نئے ولین کے روپ میں دیکھیں گے۔ دیکھتے ہیں کہ متھن دادا اس فلم میں کوئی نئی تاریخ بناتے ہیں یا نہیں۔ ایشوریا رائے اور اجے دیوگن کی نئی فلم ’رین کوٹ‘ ریلیز کے لئے تیار ہے۔ یہ فلم دونوں ہی کے لئے اہم ہے خاص طور پر ایشوریا رائے کے لئے۔ کیونکہ ’خاکی‘، ’ کیوں ہوگیا نا‘، اور ’برائڈ اینڈ پریجوڈس‘ شائقین کو زیادہ متاثر نہيں کر سکیں۔ اور اب ایشوریا رائے ایک ہٹ فلم کی منتظر ہیں۔ دیکھتے ہیں کہ ’رین کوٹ‘ کے ساتھ ان پر کامیابی کی بارش ہوتی ہے یا نہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||