آشوتوش گوارکر کی نئی فلم ’سودیس‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
تین سال پہلے ہندوستان کی فلمی تاریخ میں فلم ’لگان‘ نے ایک نئے باب کا اضافہ کیا تھا- ہدایت کار آشوتوش گوارکر نے تین سال بعد ایک اور بڑی فلم بنائی ہے- یہ نئ فلم ’سودیس‘ جمعہ کے روز ہندوستان کے تمام سنیما گھروں میں رلیز کی گئی ہے۔ اے آر رحمان کی موسیقی جاوید اختر کے نغمے اور شاہ رخ کی اداکاری شائقین کے دلوں میں پہلے ہی دلچسپی جگا چکے ہیں ۔ فلم کی کہانی امریکی خلائی مرکز ناسا میں کام کرنے والے ایک ہندوستانی موہن بھارگو (شاہ رخ خان ) سے شروع ہوتی ہے۔ موہن پیشے سے ایک سائنٹسٹ ہے۔ مسلسل کام میں مصروف رہنے کے بعد موہن کو جب چھٹیاں منانے کا موقع ملتا ہےتو کہیں اور جانے کے بجائے وہ ہندوستان آتا ہے جہاں اس کی نانی رہتی ہیں۔ ہندوستان پہنچ کر وہ اپنی نانی سے ملتا ہے اور اس کی ملاقات اس کی بچپن کی ساتھی گیتا ( گایتری جوشی) سے ہوتی ہے اور موہن کے سامنے وہ مشکلات آتی ہیں جن کا سامنا تقریبا ہر ہندوستانی اپنی روز کی زندگی میں کرتا ہے۔ شروعات میں وہ ان سب مشکلات سے بچ کر واپس امریکہ لوٹنا چاہتا ہے لیکن جب وہ گاؤں میں پانی اور پڑھائی لکھائی جیسی بنیادی سہولیات کی کمی پاتا ہے تو اپنا ارادہ بدل دیتا ہے اور اس ’سسٹم‘ کے خلاف کچھ کر دکھانے کا عہد کرتا ہے۔ فلم کے ڈائرکٹر آشوتوش گوارکر کو اس فلم سے کافی امید یں ہیں۔ بی بی سی کےساتھ ایک خصوصی بات چیت میں انہوں نے بتایا کہ ’لگان‘ کے بعد ’سودیس‘ سے عام لوگوں کی توقع بڑھ جانا فطری ہے۔ گوارکر نے بتایا کہ فلم بناتے وقت انہوں نے لگان کوذہن سے بالکل نکال دیا تھا اور صرف فلم کی اسکرپٹ پر توجہ دی۔
’کمرشلائزیشن‘ کے اس دور میں سنجیدہ مسا ئل پر فلم بنانے کے سوال کےجواب میں گوارکر نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ ’سوشل ایشوز‘ پر مبنی فلم ’کمرشل فرنٹ‘ پر کمزور ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بالی ووڈ میں ان موضوع پر بڑی تعداد میں فلمیں بن چکی ہیں جو کامیاب بھی رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک کامیاب فلم کے لۓ اچھی کہانی سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے ۔ ’ویر زارا‘ کی کامیابی ان کی فلم پر کیا اثر ڈال سکتی ہے اس کے بارے میں گوارکر نے کہا کہ ویر زارا میں’ویر‘ کو دیکھنے کے بعد پبلک میں ’سودیس‘ کے ’موہن بھارگو‘ کو دیکھنے کے لۓ دلچسپی بڑھ گئی ہے جو ان کی فلم کے لۓ فائدہ مند ہی رہا ہے۔ ماڈل گایتری جوشی کی یہ پہلی فلم ہے- گوارکر نے بتایا کہ وہ ایک ایسی اداکارہ چاہتے تھے جو خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ خوش پوش، باوقار اور سادی طبیعت کی ہو اور گایتری جوشی میں یہ تمام خوبیاں موجود ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||