عورت کائنات کا حسن ہے: یش چوپڑا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار اور فلمساز یش چوپڑا کا کہنا ہے کہ قدرت کے علاوہ عورت اس کائنات کی حسین ترین چیز ہے۔ انہوں نے یہ بات بی بی سی ورلڈ کے دستاویزی سلسلے ’بالی ووڈ باسز‘ کے لیے اپنے ایک خصوصی انٹرویو میں کہی۔ یش چوپڑا پر بنائی گئی اس دستاویزی فلم میں اداکار امیتابھ بچن کے علاوہ ان کی فلم ’ڈر‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے اداکار شاہ رخ خان، اداکار انوپم کھیر، نُغمہ نگار جاوید اختر اور فلمی نقاد رؤف احمد کے خصوصی انٹرویوز اور آراء بھی شامل ہیں۔ یہ ’بالی ووڈ باسز‘ کے دستاویزی سلسلے کا آخری پروگرام ہے جس میں اب تک رام گوپال ورما، سنجے لیلا بھنسالی، کرن جوہر، اور راکیش روشن کے فنی سفر کا جائزہ لیا گیا۔ اپنے خصوصی انٹرویو میں یش چوپڑا کا کہنا تھا کہ گزشتہ برسوں کے دوران فلموں میں جو تبدیلیاں آئی ہیں وہ تکنیکی نوعیت کی ہیں ان کی نتیجے میں نئی مشینیں آئی ہیں، ساؤنڈ ریکارڈنگ اور فوٹوگرافی بہتر ہوئی ہے لیکن اب بھی اصل بات یہ ہے کہ آپ فلم میں کہنا کیا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی چاہے کتنے ہی بڑے پیمانے پر کیوں نہ بنائی جائے جب تک اس میں ہندوستانی جذبات اور روایات نہیں ہونگی، چلے گی نہیں۔ یش کے مطابق ہندوستان کی تقسیم کے بعد ایک اہم موڑ آیا۔ یہ ان دنوں کی بات ہے جب میں تعلیم حاصل کر رہا تھا، میرے بڑے بھائی بی آر چوپڑا جو ممبئی میں تھے میری تعلیم کے لیے پیسے بھیجتے تھے اس لیے میں تعلیم پر پوری توجہ دے رہا تھا لیکن ان دنوں میں بھی میں فلمیں بہت دیکھتا تھا کیوں کہ مجھے فلموں کا بہت شوق تھا اور اس وقت فلموں کے علاوہ کوئی تفریح تھی بھی نہیں۔ ان کی رائے تھی کہ وہ عام طور پر رومانی فلمیں بناتے ہیں اور ان کی فلمیں ایسی ہوتی ہیں جن میں عورتوں کے کرداروں کو مرکزی حیثیت حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت وہ فلماساز اور ہدایت کار کا ڈبل رول یا کردار کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ فلم ساز تو وہ اتفاقاً بن گئے لیکن اصل لطف انہیں ہدایت کاری ہی میں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدا ان پر مہر بان رہا ہے ورنہ انہوں نے اب تک کوئی بڑا کام نہیں کیا، ’بس سب اس کی مہربانی ہے‘۔ انہوں نے کہا ’میں کہنا چاہتا ہوں کہ میں اپنی آخری سانس تک فلمیں بنانا چاہتا ہوں، ایسی فلمیں جن پر یقین کیا جا سکے۔ یش چوپڑا نے کہا کہ وہ اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||