ہنس راج ہنس بمقابلہ ابرارالحق | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کے معروف گلوکار ہنس راج ہنس اٹھارہ جون کو پاکستان پہنچ رہے ہیں جہاں وہ چھ شوز میں پرفارم کریں گے۔ ان کا پہلا شو انیس جون کو لاہور میں ہوگا۔ دوسرا شو بیس جون کو اسلام آباد میں‘ تیسرا شو چوبیس جون کوفیصل آباد میں‘چوتھا شو پچیس جون کوسیالکوٹ میں ‘پانچواں شو چھبیس جون کو پھر لاہور میں جبکہ چھٹا اور آخری شو ستائیس جون کو کراچی میں ہوگا۔ یہ اعلان معروف فلمساز اور پروموٹر غفور بٹ نے گزشتہ روز لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ چھبیس جون کو لاہور میں ہونے والے شو میں گلوکار ابرارالحق اور گلوکار ہنس راج ہنس میں گلوکاری کا مقابلہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ان شوز میں ہنس راج ہنس اور ابرارالحق کے علاوہ شاہدہ منی‘ شبنم مجید‘ عارف لوہار‘ ارم حسن‘ ارشد محمود‘ نجم شیراز‘ نیہا‘ علی حیدر‘ سلیم جاوید اور دیگر فنکار پرفارم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان شوز کے ٹکٹوں کے نرخ دو ہزار روپے سے لے کر پانچ ہزار روپے تک ہوں گے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ چند ماہ میں متعدد بھارتی فنکار پاکستان میں پرفارم کر چکے ہیں۔ جن میں معروف غزل گائیک جگجیت سنگھ‘ دلیر مہدی‘ بالی ساگو‘ اکشے کمار‘ شلپا شیٹی‘ سنیدی چوہان‘ شان‘ جیتن للت‘ مہک‘ سیف علی‘ سشمیتا سین‘ ملائکہ‘ سونو نگھم اور دیگر شامل ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||