ابرارالحق کا پانچواں البم ریلیز | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ابرارالحق کا پانچواں البم ’نچاں میں اوہدے نال نال‘ ریلیز ہوگیا- اس سے قبل ابرارالحق اپنی منفرد گائیکی کے چار البم ’بلو دے گھر‘، ’بلو آن جی ٹی روڈ‘، ’بہہ جا سائیکل تے، اور ’اساں جاناں مال و مال‘ ریلیز کر کے موسیقی کی دنیا پر میں پذیرائی حاصل کر چکے ہیں- ان کے پہلے البم بلو دے گھر نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے- ایک محتاط اندازے کے مطابق پہلا البم دس ملین فروخت ہوا- اس کے بعد تین البم پانچ پانچ ملین تک فروخت ہوئے جبکہ پانچویں البم نچاں میں اوہدے نال نال کے بارے میں ابرارالحق کا کہنا ہے کہ یہ البم ریلیز کے پہلے چار دنوں میں ہی نصف ملین فروخت ہو گیا- ابرارالحق نے اپنے نئے البم سے بہت سی توقعات وابستہ کر رکھی ہیں-
’جہاں تک میرے نئے البم کا تعلق ہے تو مجھے یوں لگ رہا ہے کہ یہ البم میرے پہلے چاروں البمز سے زیادہ کامیاب رہے گا- ابرارالحق نے بتایا کہ پانچویں البم کی تمام شاعری ان کی اپنی ہے اور میوزک بھی انہوں نے خود ترتیب دیا ہے- ’ویسے تو اس کے تمام گانے ہٹ ہیں مگر تین گانے ’نچاں میں اوہدے نال نال‘، ’بولیاں‘ اور ’تیرے شریکاں نوں اگ لگ گئی‘ بہت زیادہ پسند کیے جا رہے ہیں- ’مجھے اس وقت خوشی کی انتہا نہ رہی جب میں راولپنڈی میں کیسٹ ریلیز کر کے لاہور آ رہا تھا تو لوگوں نے بڑی تعداد میں میرے نئے البم کے گانے لگا رکھے تھے-‘ انہوں نے کہا کہ فی الحال صرف پاکستان میں البم ریلیز کیا ہے- چند دنوں میں برطانیہ امریکہ اور دنیا کے دیگر ممالک میں بھی ریلیز کیا جائے گا- انہوں نے کہا کہ نئے البم کے دو گا نوں کے وڈیو بھی بنائے جائیں گے اور ان کی عکسبندی عنقریب شروع کر دی جائے گی- ایک سوال کے جواب میں ابرارالحق نے کہا کہ میں ہمیشہ اپنے البم بسنت کے موقع پر ریلیز کرتا ہوں- یہ البم بھی بسنت کے موقع پر ریلیز کرنے کا پروگرام تھا-مگر میری کچھ دوسری مصروفیات کے باعث اس البم کی تیاری میں کچھ تاخیر ہو گئی چنانچہ بسنت پر البم ریلیز کرنے والا ریکارڈ برقرار نہ رہ سکا- یہ امر قابل ذکر ہے کہ ابرارالحق اپنا نیا البم ریلیز کرنے سے پہلے لاہور کے الحمرا کلچرل کمپلیکس میں ایک بہت بڑی تقریب منعقد کرنا چاہتے تھے جس کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئےمگر مقررہ تاریخ کو بارش ہو جانے کے باعث یہ تقریب منعقد نہ ہو سکی اور البم تقریب کے بغیر ہی ریلیز کر دیا گیا- البم کے ریلیز کے چار دن بعد تقریب کے دوبارہ انعقاد کا پروگرام بنایا گیا جس کے لیے تیاریاں زورشور سے جاری ہیں الحمرا کلچرل کمپلیکس کے اوپن ائیر میں بہت بڑا سیٹ لگایا گیا ہے جہاں تقریب کی ریہرسل جاری ہے- اس تقریب میں ابرارالحق اپنے نئے البم کے گانوں کے علاوہ اپنے پرانے ہٹ گانے بھی سنائیں گے جبکہ نیشنل کالج آف آرٹس کے طلبہ و طالبات ان کے گا نوں پر رقص کریں گے- |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||